پاکستان: الہادی اسکول سسٹم کےسربراہان کا امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اسلام آباد کا دورہ
الہادی اسکول سسٹم کے تحت چلنے والے نو اسکولوں کے پرنسپلز نے جناب علی احمد جان(ڈائریکٹر الہادی اسکول سسٹم) کی قیادت میں امام حسین علیہ السلام ثقافتی سنٹر، اسلام آباد کا دورہ کیا
الہادی اسکول سسٹم کے تحت چلنے والے نو اسکولوں کے پرنسپلز نے جناب علی احمد جان(ڈائریکٹر الہادی اسکول سسٹم) کی قیادت میں امام حسین علیہ السلام ثقافتی سنٹر، اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ادارے کی علمی و تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ، باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ اور طلباء کی فکری و اخلاقی تربیت کے فروغ کے لیے مشترکہ پروگرامز پر بات چیت کرنا تھا۔
اس دورے کے دوران مہمانوں کو ثقافتی سنٹر کے ویژن، سرگرمیوں اور پاکستان میں جاری علمی و فلاحی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مہمانوں نے ادارے کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے ذریعے نوجوان نسل کی بہتر تعلیمی اور دینی رہنمائی کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ الہادی اسکول سسٹم کے تحت کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں قائم نو اسکولوں میں ایک ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں، جن میں اکثریت نادار اور مستحق سادات طلباء کی ہے۔ ادارہ نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں مفت تعلیم، نصابی کتب اور تربیتی ماحول بھی مہیا کرتا ہے تاکہ وہ تعلیمی، اخلاقی اور سماجی سطح پر بہتر مستقبل کی جانب قدم بڑھا سکیں۔
اس موقع پر امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اور الہادی اسکول سسٹم کے مابین مستقبل میں مشترکہ تربیتی پروگرامز، اساتذہ کی تربیت اور طلباء کے لیے علمی سرگرمیوں کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔


