جامعہ زاخو میں پہلے بین الاقوامی کتاب میلے میں حرمِ امام حسینؑ کی بھرپورشرکت
حرمِ امام حسینؑ کے ذیلی ادارہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے شعبۂ اسٹال نے جامعہ زاخو کے زیر اہتمام منعقدہ پہلے بین الاقوامی کتاب میلے میں بھرپور انداز میں شرکت کی، جس میں عربی، عراقی اورغیر ملکی اشاعتی اداروں کی بڑی تعداد شریک ہے
شعبۂ اسٹال کے مسؤول علی ماميثہ نے ایجنسی کربلا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بین الاقوامی نمائش جامعہ زاخو نے حکومتِ اقلیمِ کردستان کے تعاون سے یکم تا 6 دسمبر تک جامعہ کے وسیع و عریض لان میں منعقد کی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ اس کتابی میلے میں عتبہ حسینیہ مقدسہ کی شرکت عراق اور عالمِ اسلام میں علمی و ثقافتی تحریک کی حمایت کے سلسلے میں جاری کاوشوں کا حصہ ہے
انہوں نے وضاحت کی کہ عتبہ حسینیہ کے اسٹال میں 350 سے زائد مطبوعات پیش کی گئی ہیں جن میں دینی، عقائدی اور تراثی کتب، موسوعات اور علمی مجلات شامل ہیں۔ اس جناح کی خصوصیت یہ ہے کہ تمام کتابیں تحقیق اور طباعت دونوں اعتبار سے عتبہ حسینیہ ہی کی تیار کردہ ہیں، جو ہمارے لیے باعثِ فخر و انبساط ہے
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ عتبہ حسینیہ مقدسہ کی عراق اور بیرونِ ملک مختلف نمائشوں اور تہواروں میں مسلسل ممتاز شرکت رہی ہے، اور شاذونادر ہی کوئی کتابی میلہ یا ثقافتی جشن ایسا ہوتا ہے جس میں عتبہ کی نمایاں موجودگی نہ ہو
حسبِ روایت اس میلے میں بھی عتبہ کا اسٹال زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اور ہر نئی نمائش میں سابقہ کے مقابلے میں مطبوعات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے



