امام علی علیہ السلام کا مالک اشتر کے نام پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے عراق میں کلڈین کیتھولک چرچ کےسرپرست نے رواداری اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا
فیڈس نیوز ایجنسی نے پونٹیفیکل اپوسٹولک سوسائٹیز کی جانب سے بات کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ عراق میں کلڈین کیتھولک چرچ کے سرپرست لوئس رفائل ساکو نے چیلنجز اور موجودہ حالات پر قابو پانے کے لیے اقوم کے درمیان رواداری اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔ امام علی علیہ السلام نے ایک خط جو کہ مصر کے گورنر مالک بن اشتر کو لکھا تھا اس میں حکومت کرنے کے اصول اور عوام کے ساتھ حکومتی رویے کے بارے میں حکم دیا تھا۔
نیوزایجنسی نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ، امام علی علیہ السلام پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے چچازاد بھائی اور داماد ہیں اور شیعوں کے پہلے امام ہیں۔
کلڈین کیتھولک چرچ کےسرپرست دارالحکومت بغداد میں منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا میں یہاں پر امام علی علیہ السلام کا وہ قول نقل کروں گا جو آپ نے اپنے گورنر مالک اشتر کو لکھا کہ : اپنے دل کو عوام کی محبت اور ان پر مہربانی سے لبریز کر دو اور ہر گز ان کے ساتھ ایسے درندے کی طرح پیش نہ آنا جو انہیں کھانے میں اپنی غنیمت سمجھتا ہو کیونکہ عوام دو قسم کے ہیں: ایک قسم تمہارے دینی بھائی ہیں جبکہ دوسری قسم مخلوق ہونے کے اعتبار سے تمہارے بھائی ہیں۔
انہوں نے لوگوں میں بھائی چارگی،رواداری، اور انسانیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ، فرقہ واریت کو مسترد کرنے پر بھی بات کی۔
واضح رہے کہ امام علی علیہ السلام نے مالک اشتر کو مصر کی گورنری سونپنے بعد ان کے لیےحکمرانی کے آداب و اصول تحریر فرمائے تھے جو کہ پوری دینا میں مختلف زبانوں میں ترجمہ ہو کر چھپ چکے ہیں ۔
حکومت کرنے کے لئے بنیادی اصولوں کے طور پراس خط میں موجود نکات پر غیر مسلم بھی عمل پیرا ہوتے نظر آتے ہیں
ترجمہ: ابوعلی