پاکستان : مرجع دینی اعلی دام ظلہ الوارف کے نمائندے کے زیر اہتمام ملک بھر میں 50 سے زائد مقامات پر سمر کیمپ کا اہتمام

دین شناسی سمر کورس کے مرکزی اختتامی تقریب عیدِ مباہلہ کی مناسبت سے جامعۃ الکوثر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں مرجع دینی اعلی کے نمائندے ،بچوں کے والدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی، جس میں اس سمر کیمپ کے دوران میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے

جامعہ الکوثر کے المصطفی آڈیٹوریم میں آج عید مباہلہ کی بابرکت ساعتوں میں منعقدہ اس تقریب میں وکیل مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی قبلہ، اساتذہ کرام،منتظمین حضرات اور طلباء نے اپنے والدین کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز برادر استقلال مہدی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد نعت اور منقبت علی الترتیب برادر حسن مہدی اور علی جعفر نے پیش کیں۔اس پروگرام میں عید مباہلہ کے حوالے سے برادر حسن مجتبی و برادر شبیہ الحسن نے سیر حاصل گفتگو کی۔جبکہ سمر کیمپ کی بابت اپنے ساتھیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے برادر شاہ زیب نے تاثرات بیان کئے

عصرِ حاضر کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہماری نئی نسل ، بالخصوص نوجوان اور بچے ،دین کی بنیادی تعلیمات، عقائد اور عملی احکام سے دن بدن دور ہوتے جا رہے ہیں، ایسے میں اگر معاشرے میں کہیں سے بھی ایسی کاوشیں سامنے آئیں جو ان ذہنوں کو اسلامی فکر و عمل سے جوڑنے کی کوشش کریں تو وہ یقیناً وقت کی ایک اہم ضرورت پوری کر رہی ہوتی ہیں۔

اسی جذبۂ اصلاح و تربیت کے تحت برصغیر کی ممتاز اور علمی درسگاہ جامعۃ الکوثر، اسلام آباد نے گزشتہ کئی سالوں سے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ایک مؤثر، منظم اور بامقصد "دین شناسی کورس" کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس کا دائرۂ کار اب صرف اسلام آباد یا بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ پورے پاکستان، بشمول گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں، دیہاتوں، چھوٹے قصبوں اور دور دراز بستیوں تک پھیل چکا ہے۔

محسنِ ملت، مفسرِ قرآن، آیۃ اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ نے اس پُرآشوب دور میں نونہالانِ ملت کی دینی و اخلاقی تربیت کو وقت کی اہم ترین ضرورت سمجھا اور اسی مقصد کے پیش نظر اس تربیتی پروگرام کا آغاز فرمایا، جو آج بحمد اللہ ملک بھر میں کامیابی اور قبولیت کے ساتھ جاری و ساری ہے۔

کورس کی وسعت اور نوعیت

گذشتہ چند سالوں سے ملک بھر میں 50 سے زائد مقامات پر جامعۃ الکوثر کے سینئر طلبہ، مقامی علماء، دینی ذمے داران، اور معززین علاقہ کی مشاورت اور مدد سے یہ دینی کیمپس منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس سال پنجاب کے22 مقامات، سندھ کے 12 مقامات، خیبر پختونخواہ کے 10 اور گلگت بلتستان کے 5 مقامات پر کیمپس منعقد کئے۔ ان کیمپس کی مدت عام طور پر 10 تا 15 روز ہوتی ہے۔ ہر کیمپ میں 30 سے 100 بچوں کی شرکت کا تناسب ہوتا ہے، جس میں مختلف عمر، تعلیمی سطح اور علاقوں سے آئے ہوئے بچے شامل ہوتے ہیں۔

 کورس کا مواد

ان کیمپس میں بچوں کو درج ذیل بنیادی اور لازمی اسلامی موضوعات پر تدریس دی جاتی ہے:

• عقائد (توحید، عدل، نبوت، امامت، معاد)

• احکام (وضو، غسل، نماز، روزہ، طہارت، نجاسات)

• قرآن شناسی و تفسیر کی بنیادیں

• سیرت النبی ﷺ و سیرت ائمہ اہل بیت علیہم السلام

• اخلاق اسلامی، وقت کی قدر، والدین و اساتذہ کا ادب

• دعا، ذکر، اور دینی آداب زندگی

 تربیت فقط علم نہیں، کردار سازی:

یہ کورس صرف معلوماتی یا درسی سرگرمی نہیں بلکہ مکمل تربیتی ماحول پر مشتمل ہوتا ہے۔

اساتذہ بچوں کے ساتھ:

• حسنِ اخلاق

• نظم و ضبط

• باجماعت نماز

• گروپ ڈسکشن

• کوئز و تقریری مقابلے

• اور تربیتی سرگرمیوں

کے ذریعے ان کی شخصیت سازی پر توجہ دیتے ہیں۔

 اثرات و نتائج

یہ کیمپس جہاں دینی معلومات کا ذریعہ ہیں، وہیں یہ بچوں میں خود اعتمادی، مذہبی شناخت، اور شعورِ امامت پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ اکثر والدین اس امر کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کے بچوں کی نماز، طہارت، زبان و اطوار، اور روحانی رجحان میں واضح بہتری آئی ہے

المرفقات

العودة إلى الأعلى