سفیر اسپتال نے محرم الحرام کے لیے طبی خدمات کا شیڈول جاری کر دیا

2025-06-24 08:57

کربلاء معلیٰ میں واقع، حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام سفیر سرجیکل اسپتال نے ماہِ محرم الحرام کے دوران دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے اپنی طبی تیاریوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے

اسپتال کے معاونِ اداری کے مطابق، محرم کے ہنگامی طبی منصوبے کے تحت بابِ قبلہ امام حسین علیہ السلام کے قریب صحنِ عقیلہ میں 60 بستروں پر مشتمل ایک فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ یہ عارضی اسپتال مکمل فارمیسی، ایکسرے مشین، میڈیکل لیبارٹری، ای سی جی مشین اور ایک چھوٹے آپریشن تھیٹر سمیت تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہوگا۔ اس اسپتال کا قیام اُن مقامات پر عمل میں لایا گیا ہے جہاں شدید ازدحام کے باعث بڑی ایمبولینس گاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں ہوتی

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی منصوبے کے تحت شارعِ شہداء پر 30 بستروں پر مشتمل ایک ایمرجنسی سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جو مرکزی ہنگامی یونٹ کی معاونت کرے گا

اسی طرح، صحنِ حسینی شریف کے اندر واقع دینی مدرسے کی عمارت میں 20 بستروں پر مشتمل ایک اور ایمرجنسی مرکز قائم کیا گیا ہے، تاکہ ہجوم کی صورت میں زائرین کو فوری طبی امداد صحنِ مبارک کے اندر ہی فراہم کی جا سکے۔ ان تمام مراکز میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں خدمات انجام دیں گی، جن میں انستھیزیا، آئی سی یو، سرجری اور دیگر شعبوں کے ماہرین شامل ہوں گے، جب کہ تربیت یافتہ نرسنگ اور فارمیسی اسٹاف بھی مکمل طور پر موجود ہوگا

منصوبے کے تحت خواتین زائرین کے لیے بھی مخصوص طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو مرقدِ مطہر کے قریبی مقامات جیسے باب الرأس، باب الکرامة اور حائر السلطانیہ میں واقع ہوں گے۔ یہ مراکز شعبہ زینبیات کے تعاون سے قائم کیے گئے ہیں، جب کہ خواتین طبی عملہ بھی موبائل یونٹس کی صورت میں تعینات کیا گیا ہے، جو ابتدائی طبی امداد اور رہنمائی فراہم کرے گا

معاونِ اداری نے مزید بتایا کہ اسپتال کی مرکزی عمارت اُن مریضوں کے لیے مختص کی گئی ہے جنہیں خصوصی نگہداشت درکار ہوگی۔ وہاں 4 مکمل آپریشن تھیٹرز فعال کر دیے گئے ہیں، جب کہ ایمرجنسی اور داخلہ وارڈز کو ماہر ڈاکٹروں اور تجربہ کار نرسنگ اسٹاف سے مزین کر دیا گیا ہے۔

العودة إلى الأعلى