پنجاب آرٹس کونسل ہال راولپنڈی میں شہدائے کربلا کانفرنس کا انعقاد
پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور متحدہ علماء محاذ پنجاب کے اشتراک سے ’شہدائے کربلا کانفرنس‘ منعقد ہوئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام نے شرکت کی
پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور متحدہ علماء محاذ پنجاب کے اشتراک سے آرٹس کونسل ہال میں "پیغامِ شہادتِ امام حسینؑ و بیمارِ کربلا سیدالساجدینؑ" کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، مذہبی رہنما اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت ایران کے کلچر قونصلیٹ مجید مشکی نے کی۔ مقررین نے سیدالشہداء امام حسینؑ کے فلسفۂ شہادت اور امام سجادؑ کی سیرت و کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بیمارِ کربلا، سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام صبر و رضا کی عظیم مثال اور جود و سخا و انسان دوستی کا بے مثال پیکر تھے، جن کی سیرت آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ آج امام زین العابدین علیہ السلام کی تعلیمات اور افکارِ عالیہ پر عمل کرے تو موجودہ تمام مشکلات اور بحرانوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
مقررین نے سیدالشہداء نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، جگر گوشہ حیدر و بتول، امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا 72 جانثاروں، بشمول سیدہ زینب اور سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین علیھم السلام کی لازوال قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کربلا کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانے، حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے اور انسانی وقار کی حفاظت کرنے کا ہے۔
کلچر قونصلیٹ مجید مشکی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ امام زین العابدین علیہ السلام نے اسیری اور کربلا کے کڑے حالات میں بھی اپنے خطبات اور عملی کردار سے امت مسلمہ کو ظلم و جبر کے خلاف بیدار کیا اور یزیدی طاقت کو فکری میدان میں شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ سیدالساجدینؓ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی بقا اور حقیقی پیغام کی حفاظت کے لیے وقف کر دی۔
کانفرنس سے مولانا عارف واحدی، مولانا حافظ اقبال رضوی، آغا نئیر عباس جعفری، عبداللہ حمید گل، مولانا محمد امین انصاری، نعیم اکرم قریشی، جہانزیب چشتی، سبطین لودھی، ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد شکور، پروفیسر طاہر عباس، سیدہ سمیرا رضا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء نے کانفرنس کو اتحادِ امت، بین المذاہب ہم آہنگی اور حق و صداقت کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔