چنیوٹ میں عظیم الشان یومِ حسینؑ کا انعقاد

2025-08-04 10:22

صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں واقع رائل میرج ہال میں یومِ حسینؑ 2025 کے سلسلے میں ایک عظیم الشان، روح پرور پروگرام کا انعقاد کیا گیا

کربلا ٹوڈے یہ پروگرام نوجوانوں اور طلباء کی نمائندہ تنظیم (امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن) کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں عوام الناس اور خصوصاً نوجوانوں کی بڑی تعداد نے جذبۂ عقیدت کے ساتھ شرکت کی۔

اس پروگرام میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علمائے کرام شریک ہوئے، جن میں نمایاں شخصیت معروف عالمِ دین علامہ مفتی گلزار نعیمی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واقعۂ کربلا کو نہ صرف تاریخی بلکہ فکری، روحانی اور انقلابی تناظر میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ "کربلا حق و باطل کا وہ معرکہ ہے جس نے قیامت تک کے لیے انسانیت کو یہ پیغام دے دیا کہ ظلم کے آگے سر جھکانا اہلِ حق کا شیوہ نہیں۔ امام حسینؑ نے اپنا سب کچھ قربان کر کے امت کو عزت، غیرت، اور حریت کا راستہ دکھایا۔

دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے اتحاد بین المسلمین، صبر و استقامت، اور نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا: امام حسینؑ کی قربانی صرف ذکر اور ماتم کی حد تک محدود نہ رہے، بلکہ اس پیغام کو عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ یہ پیغام ہے ظلم سے انکار، حق پر ڈٹ جانے، اور عدل و انصاف کے قیام کا۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى