حرم امام حسین علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل نے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر بریفنگ دی
حرم امام حسین علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل، جناب الحاج حسن رشید جواد العبایجی نے کربلا ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اربعین کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات اور تیاریوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا
انہوں نے بتایا کہ ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، جو خدمتی، طبی، نقل و حمل، اور خوراک کی فراہمی سمیت مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ صحنِ حسینی مطہر کے اندر 9000 ٹن کولنگ کی گنجائش فراہم کی گئی ہے، جس کا درجہ حرارت مسلسل 26 ڈگری سینٹی گریڈ پر برقرار رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، صحنِ حسینی کے باہر 135,000 مربع میٹر کے رقبے پر سورج کی شدت کم کرنے کے لیے چھتریاں نصب کی گئی ہیں، اور 420 سے زائد اسپرے پنکھے لگائے گئے ہیں، جو 160,000 مربع میٹر کے رقبے کو ڈھانپتے ہیں
انہوں نے مزید بتایا کہ عتبہ حسینیہ نے کربلا شہر کے وسط میں تعلیب کے علاقے میں 35 خدمتی خیمے نصب کیے ہیں، جن میں ہر ایک کا رقبہ 1000 مربع میٹر ہے اور یہ مجموعی طور پر 17,000 سے زائد زائرین کی رہائش کی گنجائش رکھتے ہیں۔ ان خیموں کو تمام ضروری سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین زیارت کے ایام میں آرام اور سلامتی کے ساتھ قیام کر سکیں
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ صحنِ مطہر کے باہر 3300 ایئر کولر نصب کیے گئے ہیں، جو 500,000 مربع میٹر کے رقبے کو ٹھنڈک فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ 52,000 مربع میٹر کے علاقے میں خودکار دھند چھڑکنے والی توپیں نصب کی گئی ہیں
انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں عاشوراء کے دن درجہ حرارت میں 8 ڈگری تک کمی واقع ہوئی
طبی خدمات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 600 ڈاکٹروں پر مشتمل طبی ٹیمیں 7 مراکزِ صحت پر تعینات کی گئی ہیں، جبکہ 400 فیلڈ پیرامیڈکس بھی خدمات انجام دیں گے، جو مکمل ابتدائی طبی امدادی سامان سے لیس ہوں گے، تاکہ ضرورت کے وقت چند منٹوں میں مریض تک پہنچا جا سکے
نقل و حمل اور لاجسٹک سپورٹ کے بارے میں انہوں نے وضاحت کی کہ زائرین کی سہولت کے لیے 99 کوسٹر بسیں اور 70 دیگر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، 4 پانی کے ٹینکرز، 40 سامان بردار گاڑیاں، 13 ایمبولینسیں، اور 18 فریزر ٹرک بھی خدمات سرانجام دیں گے
اطعامی خدمات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حرم کے مضیف ڈویژن نے کھانے کی تقسیم کے لیے 8 مقامات مختص کیے ہیں، جن میں سے 6 حرم امام حسین علیہ السلام کے قرب و جوار میں جبکہ 2 سرحدی مقامات، شلمچہ اور مهران، پر قائم کیے گئے ہیں۔ ان تمام مقامات سے روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا، اور اندازاً 60 لاکھ زائرین ان خدمات سے مستفید ہوں گے
آخر میں، الحاج العبایجی نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ نجف اشرف میں مرجعِ عالی قدر دام ظلہ کے دفتر سے جاری ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں، خاص طور پر یہ کہ مواکب اور عوامی مقامات پر مرجعِ اعلیٰ کی تصاویر نہ لگائیں، عوامی املاک کا احترام کریں، اور عتبہ حسینیہ کی طرف سے جاری کردہ رہنما اصولوں، بالخصوص بجلی کے استعمال اور متعلقہ اداروں سے رسمی اجازت ناموں کے حصول کے سلسلے میں مکمل تعاون کریں، تاکہ زیارتِ اربعین پرامن انداز میں مکمل ہو سکے۔



