اقوامِ متحدہ کی جانب سے کربلا کو اسلامی ثقافت کا دارالحکومت قرار دینے کی حمایت

2025-07-07 10:37

عراق میں اقوامِ متحدہ کے نمائندہ خصوصی جناب محمد الحسان نے محرم الحرام کے دوران اپنے دورۂ کربلا مقدسہ کے موقع پر ایک بین الاقوامی مہم کا اعلان کیا ہے

جس کا مقصد کربلا کو عاصمۃ الثقافۃ الاسلامیۃ اسلامی ثقافت کا دارالحکومت قرار دلوانے کی حمایت کرنا ہے، تاکہ اس کے تاریخی، دینی اور ثقافتی مقام کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا سکے۔

جناب الحسان نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے کربلا مقدسہ کا دورہ اس لیے کیا کیونکہ یہ شہر اعلیٰ انسانی اور تہذیبی اقدار کی علامت ہے۔ میں نے اپنی آنکھوں سے ایک متحد اور منظم عراق کی زندہ تصویر دیکھی، جہاں قومی یکجہتی اور وابستگی اور اتحاد بین المسلمین کے مظاہر اپنی پوری شان سے جلوہ گر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کربلا کو ایک قدیم تاریخی شہر ہونے کا شرف حاصل ہے اور یہ پوری دنیا کے عربوں اور مسلمانوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں زائرین یہاں آ کر سلام عقیدت پیش کرتےہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کربلا اسلامی ثقافت کا مرکز بننے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ کربلا کا مستقبل روشن ہے اور یہ ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ یہ عراق کے اُن نمایاں صوبوں میں شامل ہوتا جا رہا ہے جو سرمایہ کاری کے لیے سب سے زیادہ موزوں ہیں، اور یہاں جاری ترقیاتی منصوبے اس کی معیشت اور عوامی خدمات کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں۔

العودة إلى الأعلى