کربلا: محرم الحرام میں زائرین کو گرمی سے بچانے کے لیے جدید کولنگ سسٹم نصب

2025-07-02 06:57

روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ انجینئرنگ و الیکٹریکل نے محرم الحرام کے دوران کربلا آنے والے زائرین کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف راستوں پر جدید کولنگ سسٹم نصب کر دیا ہے

شعبے کے مسئول، انجینئر کرار جواد نے بتایا کہ ماہر فنی عملہ، روضہ مقدسہ کے متعلقہ شعبوں کے تعاون سے، جدید کولنگ نظام کی تنصیب کا کام انجام دے رہا ہے، جس کا مقصد یومِ عاشورہ کے موقع پر کربلا آنے والے عزاداروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے

انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت جلوسِ عزاء کے راستوں پر سایہ دار شیڈز اور پانی کے چھینٹوں والے پنکھے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کو ٹھنڈک اور سکون فراہم کیا جا سکے

اس کے علاوہ، بڑی استعداد والے ایئر کولرز بھی لگائے جا رہے ہیں جن کی ہوا پھینکنے کی صلاحیت فی گھنٹہ 24 ہزار مکعب میٹر تک ہے، تاکہ زیادہ ہجوم والے مقامات پر مستقل ٹھنڈی ہوا مہیا کی جا سکے

انجینئر کرار جواد نے مزید بتایا کہ روضہ مبارک کے اطراف اور مرکزی شاہراہوں جیسے بابِ قبلہ اور میدانِ شہداء میں پانی کے اسپرے کرنے والی توپیں بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ درجہ حرارت کو کم کیا جا سکے اور کربلا کے گرم موسم میں زائرین کو راحت فراہم کی جا سکے

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ تمام اقدامات روضہ حسینیہ کی اُن سالانہ تیاریوں کا حصہ ہیں، جو محرم و صفر کے دوران زائرین کو آرام دہ اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے کے لیے کی جاتی ہیں

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمارا عملہ پورے ماہِ محرم کے دوران ہائی الرٹ پر رہے گا تاکہ کولنگ سسٹم کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں فوری مرمت ممکن ہو

قابلِ ذکر ہے کہ روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام ہر بڑے زیارتی موسم میں اپنے خدماتی اور فنی نظام کو مسلسل بہتر بناتا ہے، تاکہ عراق اور بیرونِ ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین کو اعلیٰ ترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

العودة إلى الأعلى