فتوی دفاع وطن فیسٹیول کے موقع پر وادی سلام میں شہداء کی قبروں پر حاضری
دفاع مقدس کی مناسبت سے حرم امام حسین علیہ السلام کے وفد نے وادی سلام قبرستان میں شہداء کی قبروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور فاتحہ خوانی کی
فتوی دفاع وطن کے موقع پر ثقافتی فیسٹیول سرگرمیوں کے ضمن میں حرم امام حسین علیہ السلام کے وفد نے نجف اشرف میں وادی سلام میں ان شہداء کی قبروں کی زیارت کی جنہوں نے وطن اور مقدس مقامات کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ثقافتی فیسٹیول کمیٹی کے رکن شیخ علی قرعاوی نے کربلاء انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مرجع دینی اعلی دام ظلہ الوارف کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے وطن عزیز اور مقامات مقدسہ کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کی قبروں پر حاضری دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کی بہادری و شجاعت کی داستانوں کو نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حرم امام حسین علیہ السلام کی انتظامیہ دینی شخصیات اور شہداء کے اہل خانہ کے ہمراہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شہداء کی قبروں کا رخ کیا اور شہداء کے ارواح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جس پر شہداء کے اہل خانہ نے انکے عزیزوں کو یاد رکھنے پر ان شکریہ ادا کیا۔
قرعاوی نے بتایا کہ آج کا یہ اجتماع ظاہر کرتا ہے کہ لوگوں کے دلوں میں شہداء کی محبت باقی ہے اور یہ خداوند متعال کا وعدہ بھی ہے کہ حق کے راستے پر چل کر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو اللہ تعالٰی ہمیشہ دوسروں کے دلوں میں زندہ رکھتا ہے۔