بغداد میں 26واں انٹرنیشنل بک فیئر، تیاریاں مکمل

2025-09-08 10:37

عراقی دارالحکومت بغداد 26ویں بغداد انٹرنیشنل بک فیئر کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ یہ نمائش 10 سے 21 ستمبر تک بغداد کے المنصور ایکسپو سنٹر میں منعقد ہوگی

یہ کتابی میلہ عراق اور خطے کی نمایاں ترین ثقافتی سرگرمیوں میں شمار ہوتا ہے، جو عرب و غیر ملکی ناشرین، اہلِ قلم اور ادیبوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے۔ اس سال قطر مہمانِ خصوصی ہوگا، جس کی شمولیت دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی شراکت داری، مکالمے کے فروغ اور تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گی

قطری پویلین میں متنوع پروگرام شامل ہوں گے جن میں فکری نشستیں، لیکچرز اور تصویری نمائش شامل ہیں جو قطر کی روزمرہ زندگی اور جدید طرزِ حیات کو اجاگر کریں گی۔ اسی طرح قطری دستکاری کے ورثے کو بھی پیش کیا جائے گا، جس میں لکڑی کی کشتی سازی اور روایتی سنار کاری کی براہِ راست ورکشاپس منعقد ہوں گی۔ یہ سب ایک ایسے فنکارانہ پویلین میں ہوگا جو قطری شناخت کا آئینہ دار ہوگا

قطر کی وزارتِ ثقافت میں لائبریریز کے ڈائریکٹر، جاسم احمد البوعینین نے کہا کہ قطر کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ ان کے مطابق، ثقافت رابطے اور انسانی مکالمے کو فروغ دینے کا ایک بنیادی ذریعہ ہے

اگرچہ شریک ممالک کی باضابطہ فہرست ابھی جاری نہیں ہوئی، تاہم توقع ہے کہ عراق سمیت متعدد عرب اور غیر ملکی پبلشرز بڑی تعداد میں شریک ہوں گے، جیسا کہ پچھلے ایڈیشنز میں ہوا تھا، جن میں مصر، لبنان، شام، ایران اور یورپی ممالک نمایاں رہے ہیں

واضح رہے کہ گزشتہ سال یہ کتابی میلہ العراق یقرأ عراق پڑھتا ہے کے نعرے کے تحت منعقد ہوا تھا، جس میں متحدہ عرب امارات مہمانِ خصوصی تھا اور تقریباً 20 ممالک کی 600 پبلشنگ ہاؤسز نے شرکت کی تھی

العودة إلى الأعلى