پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مرجع اعلیٰ آیت اللہ سید علی سیستانی (دام ظلہ) کی ہدایت پر امدادی سرگرمیاں اور فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد۔
مرجعِ جہانِ تشیع حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی (دام ظلہ) کی ہدایت پر پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے ساتھ ساتھ فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مرجعِ جہانِ تشیع حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی (دام ظلہ) کی ہدایت پر پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے ساتھ ساتھ فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
طوفانی بارشیں اوردریاوں میں طغیانی کے باعث اس وقت صوبہ پنجاب کے کئی علاقے زیرِ آب ہیں، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، رابطہ سڑکیں ٹوٹ گئیں اور متعدد دیہات و قصبوں میں مکانات پانی کی نذر ہوگئے ہیں۔ نتیجتاً ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ ان سنگین حالات میں وبائی امراض جیسے ملیریا، ڈائریا اور گیسٹرو تیزی سے پھیل رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو نہ صرف بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے بلکہ فوری طبی امداد کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے۔
ان حالات کے پیش نظر آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی (دام ظلہ) کے حکم پر وکیلِ مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی (دام عزہ) کی سرپرستی میں متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس لگائے جا رہے ہیں، جہاں مریضوں کا مفت معائنہ کیا جا رہا ہے اور ضروری ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جارہی ہیں۔
اب تک صوبہ پنجاب کے شہر چینوٹ اور اس کے مضافات کے کئی دیہاتوں میں متعدد فری میڈیکل کیمپس کامیابی کے ساتھ منعقد کیے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ ان کیمپس سے اب تک ہزاروں مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں۔
فری میڈیکل کیمپس کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے، تاکہ بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کو فوری سہولت میسر آسکے۔