رمضان المبارک: ممبئی میں رمضان کی رونقیں ، مسلم علاقوں میں نظارہ قابل دید

2024-03-24 11:42

ماہ رمضان میں ممبئی کے مضافاتی شہر ممبرا اور میرا روڈ میں رونق دوبالا ہو جاتی ہے۔ ان دونوں جگہوں پر ممبئی کے محمد علی روڈ اور مدن پورہ جیسا ماحول رہتا ہے۔ گزشتہ 2 دہائیوں میں ان علاقوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور ایسے لوگ یہاں آ کر آباد ہو گئے ہیں جو شہر میں مشترکہ خاندان کا حصہ تھے۔ انہوں نے شہر سے متصل ان سستے اور پُرفضا مقام کی اہمیت میں اضافہ کر دیا ہے

فرقہ پرست ان علاقوں کو اکثر نشانہ بناتے رہتے ہیں اور انہیں سماج دشمن عناصر و دہشت گردوں کے اڈے تک قرار دیتے ہیں، مگر یہ علاقے فرقہ وارانہ طور پر کافی پرامن مانے جاتے ہیں۔ حال ہی میں میرا روڈ میں جو کشیدگی ہوئی تھی اس کے بارے میں یہ بتایا جاتا ہے کہ وہاں پر شرپسندی کرنے والے لوگ باہر سے آئے تھے۔

ممبئی کے ان دور افتادہ مضافاتی علاقوں میں ایک زمانے میں جرائم پیشہ لوگوں کو تڑی پار یا شہر بدر کیا جاتا تھا لیکن اب یہ دونوں شہر کافی گنجان ہو چکے ہیں اور تعلیم یافتہ و متوسط طبقہ کی بڑی تعداد یہاں آباد ہے۔ اس لیے ان دونوں علاقوں میں ماہ رمضان میں رونق دوبالا ہو جاتی ہے۔


ممبرا اسٹیشن سے کوسہ اور شیل پھاٹا تک پہاڑوں کے دامن میں بسی یہ آبادی آہستہ آہستہ مسلمانوں کا اہم تعلیمی مرکز بنتی جا رہی ہے، جہاں کئی ایسے تعلیمی مراکز کھولے گئے ہیں جو مسلم نوجوانوں کو آئی اے ایس اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی تربیت دیتے ہیں۔ رمضان میں ممبرا اسٹیشن پر افطار کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے تاکہ لوکل ٹرین سے ممبئی کی سمت سے آنے والے لوگ تاخیر ہونے پر یہیں افطاری کر سکیں۔ جبکہ آٹو رکشا یونین بھی اپنے اسٹینڈ پر افطار کا انتظام کرتی ہے جس میں آٹو رکشا ڈرائیوروں کے ساتھ ساتھ عام مسافر بھی حصہ لیتے ہیں۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى