وزارتِ داخلہ کا زیارتِ اربعین کے لیے جامع سکیورٹی منصوبے کا اعلان
عراق کے وزیرِ داخلہ، عبد الامیر الشمری کی زیرِ صدارت اربعین سکیورٹی کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بغداد آپریشنز کمانڈ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس اجلاس میں سروس کمیٹی کے سربراہ، زمینی افواج کے کمانڈر، نائب وزیرِ داخلہ برائے پولیس امور، بغداد آپریشنز کے کمانڈر، کرخ و رصافہ کے سکیورٹی سربراہان، بریگیڈ کمانڈرز، انٹیلیجنس اداروں اور الحشد الشعبی کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد امام حسین علیہ السلام کے زائرین کے لیے اربعین کے موقع پر سکیورٹی، انتظامی اور رابطہ کاری کے امور پر مشاورت اور جامع منصوبہ بندی کرنا تھا۔
وزیرِ داخلہ نے زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے، ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے، اور تمام سکیورٹی یونٹس کے درمیان مؤثر تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے ایمبولینسز اور سول ڈیفنس ٹیموں کی تعیناتی کے ساتھ، زائرین کے گزرگاہوں میں سکینر گاڑیاں اور K9 یونٹس لگانے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیرِ داخلہ نے اعلان کیا کہ اس سکیورٹی منصوبے پر عمل درآمد یکم صفر سے شروع کر دیا جائے گا، جبکہ بغداد کے لیے مخصوص تنظیمی پلان مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ حسینی مواکب کے قیام کو منظم کیا جائے، زائرین کے لیے مخصوص راستوں پر عام گاڑیوں کی آمد و رفت کو روکا جائے، ٹرانسپورٹ مراکز میں بدنظمی سے بچاؤ کے اقدامات کیے جائیں، اور سڑک عبور کرنے کے مقامات کو بہتر انداز میں منظم کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے ٹریفک حادثات سے بچا جا سکے