حرم امام حسینؑ کے وفد کا ترک شہر اِیغدِر کا تاریخی دورہ
ترکیہ میں اپنے سالانہ دینی و ثقافتی فیسٹیول کے ضمن میں حرم امام حسینؑ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ترک شہر ایغدر (Igdir) کا تاریخی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر کی معروف اسلامی تنظیم اہلِ بیتؑ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور علماء کرام سے ملاقاتیں کیں
یہ دورہ حرم کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارہ امام حسینؑ میڈیا و ثقافتی مرکز کے تعاون سے اور مقامی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت منعقد کیا گیا۔
روضہ مبارک کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے معاون سربراہ جناب حسن نعمت خفاجی نے حرم کے سرکاری ویب سائٹ کو بتایا حرم امام حسینؑ کے جنرل سیکریٹریٹ سے وفد ایغدر شہر پہنچا، جو ترکی کے مختلف شہروں میں جاری سالانہ ثقافتی و میڈیا پروگرام کا حصہ ہے۔
ان سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی امام حسینؑ میڈیا و ثقافتی مرکز کرتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دورے کے دوران وفد نے اہلِ بیتؑ ایسوسی ایشن کے صدر اور علماء کرام سے ملاقاتیں کیں
انہوں نے مزید کہا کہ عراق کے مقدس مقامات کی جانب سے یہ پہلا وفد ایغدر شہر آیا اور اہلِ بیتؑ ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے ملاقات کی
خفاجی نے اس بات پر زور دیا کہ روضہ مبارک کا ترکی میں جاری یہ پروگرام ان اداروں کو ثقافتی و میڈیا تعاون فراہم کرنے کے لیے ہے جو تعلیماتِ اہلِ بیتؑ کی ترویج میں مصروفِ عمل ہیں
انہوں نے کہا ہمارے یہ اقدامات نجف اشرف کی اعلیٰ مذہبی قیادت کے اس ویژن کی عکاسی کرتے ہیں، جو اعتدال، وسعتِ نظری اور تعمیری مکالمے پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک کی یہ کوشش ہے کہ عراق سے باہر مسلم معاشروں میں فکری و ثقافتی موجودگی کو مضبوط بنایا جائے ہم طویل مدتی شراکت داری قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جیسا کہ ایغدر میں اہلِ بیتؑ ایسوسی ایشن کے ساتھ ہماری تعاون ترکی میں تعلمیات محمد وآل محمد کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے
اپنے تاثرات میں شیخ قربان جو اہلِ بیتؑ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ہیں، نے عراق کے مقدس روضوں کے ساتھ مستقل روابط کو ضروری قرار دیا
انہوں نے کہا نجف اشرف کی اعلیٰ دینی قیادت کے ساتھ براہِ راست رابطہ، ترکی میں شیعہ برادری کے لیے فکری و عقیدتی استحکام کا ایک مضبوط ذریعہ ہے
انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی کی اعتدال پسند اور جامع فکر نے نہ صرف ترکی کے حکام میں احترام پیدا کیا بلکہ ایسوسی ایشن کو اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو پرامن و مؤثر طریقے سے فروغ دینے کی صلاحیت بھی عطا کی فی الحال ایسوسی ایشن ترکی کے مختلف شہروں میں پچاس سے زائد مبلغین کی نگرانی کر رہی ہے، جو اہلِ بیتؑ کا پیغام ترکی معاشرے کی اقدار اور ثقافت سے ہم آہنگ، متوازن، علمی اور روحانی انداز میں پہنچا رہے ہیں
وفد نے اپنے دورے کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ روضہ مبارک ایسے دینی، فکری اور روحانی روابط کو مزید فروغ دے گا، اور دنیا بھر میں مسلم برادریوں کے ساتھ تعلقات کو استوار کرتا رہے گا
یہ دورہ اعلیٰ دینی قیادت کے اُس پیغام کی ترجمانی کرتا ہے جو رواداری، اعتدال اور ثقافتی رابطے پر مبنی ہے، اور ترکی کی شیعہ برادری اور عراق کے مقدس روضوں کے مابین دیرپا تعلقات کی بنیاد رکھنے میں ایک اہم قدم ثابت ہوا