کربلا: امام زین العابدینؑ اسپتال میں تین سال کے دوران 2000 سے زائد کامیاب اوپن ہارٹ سرجریز
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام امام زین العابدینؑ جراحی اسپتال نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گزشتہ تین برسوں کے دوران بچوں اور بڑوں کے لیے 2000 سے زائد کامیاب اوپن ہارٹ سرجریز انجام دی ہیں
اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الرحمن اسماعیل کا کہنا ہے امام زین العابدینؑ اسپتال، جو کہ عتبتہ حسینیہ کے شعبۂ صحت و طبی تعلیم سے وابستہ ہے، نے تین سالوں میں کل 2015 اوپن ہارٹ آپریشنز کیے، جن میں 1151 بچوں اور 864 بالغ مریضوں کے آپریشن شامل ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا ہر آپریشن ایک نئی زندگی کی داستان ہے، جو اسپتال کے ماہر اور تجربہ کار طبی عملے، جدید ترین سہولیات اور ایک رحمدل و انسان دوست وژن کے تحت مکمل ہوئی۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ مریض کو اپنے ملک میں، اپنے گھر کے قریب معیاری علاج کی سہولت میسر ہو، تاکہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے
ڈاکٹر اسماعیل نے وضاحت کی کہ یہ کامیابی عراقی وزارتِ صحت کے شعبۂ استقدام و اخراج طبی کے ساتھ سرکاری معاہدے کی بدولت ممکن ہوئی، جس کے نتیجے میں اعلیٰ معیار کی طبی خدمات عراق میں ہی دستیاب ہو گئیں، اور مریضوں کو بیرون ملک جانے کی ضرورت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تمام تر کامیابیاں حرم امام حسینؑ کی عراق میں شعبۂ صحت کو بہتر بنانے کی مستقل کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
یہ اسپتال، اپنے تمام شعبہ جات میں بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا عملی مظہر ہے، جو ہر عمر اور طبقے کے مریضوں کو بہترین ممکنہ علاج فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہے