محسن ملت مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ کےچہلم کے موقع پر عراق و ایران سمیت دنیا بھر سے اہم شخصیات کی جامعہ الکوثر اسلام آباد آمد
معروف عالم دین محسن ملت مفسر قرآن آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ کا چہلم جامعہ الکوثر اسلام آباد میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ، جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات نے شرکت کی, آیة اللہ العظمی سید ابو القاسم خوئی قدس سره کے فرزند علامہ عبد الصاحب الخوئی دام عزہ مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمى حافظ بشیر نجفی کے فرزند جناب شیخ علی نجفی, حرم امام حسین علیہ السلام کے شؤون دینیہ کے نمائندے، حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ کرام اور پاکستان بھر سے جید علماء کرام نے شرکت کی اور محسن ملت کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس پروگرام کا آغاز بروز اتوار 18 فروری کی صبح 9:30 بجے تلاوت کلام الہی سے ہوا۔ تلاوت قران مجید کے بعد مدرسہ حفاظ القرآن سکردو کے گروہ تواشیح نے محسن ملت کا لکھا ہوا تواشیح پڑھا۔ بعد ازاں محسن ملت کی شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علامہ شیخ محسن نجفی رحمہ اللہ اپنی ذات میں ملت تھے۔ ان کی مختلف الجہات شخصیت میں علمی، ملی، تبلیغی و تدریسی خدمات کا ہر پہلو قابل قدر و تقلید ہیں۔
محسن ملت کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسوہ سکول سسٹم کے بچوں کی طرف سے ترانہ "محسن ملت کا احسان" کو خوب پزیرائی ملی۔ فرزند مرجع عالیقدر شیخ علی نجفی دام عزہ نے محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی کی رحلت حسرت آیات کو عظیم خسارا قرار دیا اور مرجعیت کی طرف سے پاکستانی عوام کو تسلیت پیش کی گئی۔ آیة اللہ العظمی سید ابو القاسم خوئی قدس سره کے فرزند علامہ عبد الصاحب الخوئی دام عزہ نے فرمایا کہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ خوئی سے کسب فیض کرنے کے بعد پاکستان میں علمی و ادارتی جال بچھایا۔ اور مرجع کبیر نے مرجعیت کے امور کو ذاتی حیثیت سے ادارتی حیثیت میں منتقل کیا تو علامہ شیخ محسن نجفی کو خوئی فاونڈیشن کے نظارتی کمیٹی کا رکن مقرر کیا۔
محسن ملت آیة الله محسن علی نجفی طاب ثراہ کے فرزند علامہ انور علی نجفی دام عزہ نے تمام مہمانان ذی وقار اور شرکت کنندگان کا شکریہ ادا کیا اور محسن ملت کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پروگرام کے آخر میں مفسر قرآن کی شخصیت پر ڈاکیومینٹری پیش کی گئی جس میں ان کی زندگی کے نمایاں پہلووں کو اجاگر کیا گیا۔