ویٹیکن کی جانب سے بین المذاھب ھم آہنگی کے نمائندہ برائے مشرق وسطی کا بر صغیر کی عظیم دینی درسگاہ،موسسہ امام خوئی جامعہ الکوثر اسلام آباد کادورہ
ویٹیکن کی جانب سے بین المذاھب ھم آہنگی اور دینی سفارتکاری کے لئے نمائندہ برائے مشرق وسطی ، شمالی افریقہ اور مغربی، وسطی و جنوبی ایشیاء جناب پروفیسر سیزبیولس اینزیلم زیورومی ڈی ایس نے جامعه الکوثر اسلام آباد کا دورہ کیا
شیخ الجامعہ علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی نیابت میں جامعہ الکوثر اسلام آباد کے مدیر جناب علامہ شیخ انور علی نجفی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ملاقات میں ادیان سماوی کو درپیش مشترکہ مسائل پر گفتگو ہوئی ، علامہ شیخ انور علی نجفی نے قرآن مجيد کی آیت مجیدہ قُلْ يَا أَهْلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْا إِلَىٰ كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ ۔۔۔۔ کی روشنی میں اللہ تعالی کی ذات وحدہ لا شریک کی جانب لوگوں کو دعوت دینے اور مختلف مذاہب کے اندر موجود توحید کی مختلف تفسیروں کو اصل مسئلہ توحید سے الگ رکھ کر دیکھنے کی دعوت کو معزز مہمان نے بے حد سراہا اور ملاقات کے پورے دورانیے میں انہوں نے اسی نکتے کے بارے میں ہی گفتگو کی ، علامہ انور علی نجفی نے معزز مہمان کو نہج البلاغہ میں مولائے متقیان کے توحیدی معارف کی جانب توجہ دلائی جس پر پروفیسر صاحب نے اظہار تشکر کیا ، پروفیسر سیزبیولس نے مستقبل قریب میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ، ملاقات کے آخر میں انگریزی زبان میں ترجمہ شدہ شیخ الجامعہ کا مقدمہ تفسیر الکوثر ، صحیفہ سجادیہ اور دیگر کتابیں پیش کی گئیں