حرم حضرت عباس(ع) نے کربلا کے اندرون شہر کی نئے نقشے کے تحت تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے۔
حرم حضرت عباس(ع) کے انجنیئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئر ضیاء مجید صائغ نے نیوز سنٹر کو کربلا کے اندرون شہر حرم کے اطراف کی نئے نقشے کے تحت تعمیر نو کے منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پہلے تعمیراتی مرحلہ کے طور پر صحن حضرت ام البنین(س) کی تعمیر کا کام شروع کر چکا ہے
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ توسیعی منصوبوں کو پايۂ تکمیل کے قریب پہنچانے کے بعد پورے اندرون شہر کو مقدس روضوں میں شامل کرنے کے لئے نئے نقشہ کے تحت تعمیر کرنے کا تفصیلی منصوبہ 2014 میں تیار کیا گیا اور اس کے نقشہ کی تیاری کا کام بھی ساتھ ہی شروع کر دیا گیا کہ جو اُسی سال مکمل کر لیا گیا۔
اس منصوبے کی ذمہ داری وزارت بلدیات، وزارت منصوبہ سازی، صوبہ کربلا اور شہری تعمیرات کے محکمے نے لی تھی اور ان اداروں کی طرف سے نقشے کی منظوری کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اس منصوبہ کے لیے مطلوبہ زمین حاصل کرنے کے لیے مالکان سے ان کے گھروں اور زمینوں کو خریدنا شروع کر دیا اور اس وقت منصوبہ کے لیے ایک بہت بڑا ایریا حرم خرید چکا ہے۔
صائغ نے مزید کہا کہ ہمارے انجینئرنگ عملے نے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی شمالی جانب صحن حضرت ام البنین(س) تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 20 ہزار مربع میٹر رقبہ پر مشتمل یہ صحن خواتین کے لیے مختص ہو گا اور اس میں سرداب، سبزہ زار اور بہت سے دیگر یونٹس ہوں گے۔ اس منصوبہ کو دیوان وقف شیعی اور وزارت منصوبہ سازی کی منظوری سے عراقی کمپنی ارض القدس کے حوالے کیا گیا ہے اور وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ سازی کی طرف سے اسے فنڈنگ کیا جا رہا ہے