کربلاء میں نابینا افراد کی تعلیم کے لیے الگ بلڈنگ کی تعمیر
عراق میں پہلی بار حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے نابینا افراد کی تعلیم و تربیت کے لئے الگ بلڈنگ کی تعمیر کے لیے کام شروع ہو چکا ہے ۔
حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سےنور امام حسین علیہ السلام انسٹی ٹیوٹ فار سپیشل پرسنز کے طلباء کے ادارہ کے لئے مختص کی گئی زمین پر روضہ امام حسین علیہ السلام کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کے مسئول جناب سامی جواد کاظم نے انٹر نیشنل میڈیا سنٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حرم امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی شیخ عبدالمہدی الکربلائی حفظہ اللہ نے نابینا اور بصارت سے محروم افراد کے لئے الگ بلڈنگ بنانے کے لئے کربلا معلی میں (1,700 مربع میٹر) زمین مختص کی تھی۔ اب باقاعدہ طور پر بلڈنگ کی تعمیر کے لیے کام شروع کیا گیا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت جدید ڈیزائن کے مطابق چار منزلوں پر مشتمل ہوگی ، جہاں نابینا اور بصارت سے محروم افراد کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ، لوازامات زندگی کی تمام سہولیات مہیا ہونگی۔
جواد کاظم نے بتایا کہ عمارت کو سپیشل پرسنز کے حالات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس بلڈنگ کی تعمیر کے بعد انسٹی ٹیوٹ میں رجسٹرڈ طلباء کو یہاں منتقل کیا جائے گا۔
طلباء کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ، علم و ہنر سے آراستہ کر کے فارغ کیا جائے گا تاکہ یہ معاشرے کا ہنر مند فرد بن کر اپنے پاؤں پہ کھڑے ہو سکیں اور کسی دوسرے کے محتاج نہ ہوں ۔
اس سے یہ افراد نہ صرف باعزت زندگی گزار سکیں گے بلکہ معاشرے کے لیے بھی مفید ثابت ہونگے ۔
ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ پورے عراق میں سپیشل پرسنز کے لئے یہ پہلا ادارہ ہے، جوحرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے بنایا گیا ہے ۔
یہ ادارہ حکومت عراق سے باقاعدہ منظور شدہ ہے۔
عماد بعو
ابو علی