وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد پاکستان میں سیرت النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سیمینار کا انعقاد:
وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون،سائنس اور ٹیکنالوجی(FUUAST) اسلام آباد-پاکستان میں ولادتِ رسولِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے "ولادتِ نبوی: تاریخ محبت اور تجدید" کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔
وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس اور ٹیکنالوجی(FUUAST) اسلام آباد پاکستان میں ولادتِ رسولِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے "ولادتِ نبوی: تاریخ محبت اور تجدید" کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ اس موقع پر وکیلِ مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی (دام ظلہ) نے خصوصی شرکت کی، جبکہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت ہر دور کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آپ کی ذات اتحاد و یگانگت کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے ملک کی موجودہ صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے اساتذہ اور طلبہ کو سیلاب متاثرین کی عملی مدد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وکیلِ مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی نے فرمایا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس وجۂ تخلیقِ کائنات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کریں۔
دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ موجودہ حالات میں اخوت اور بھائی چارے کی تعلیمات پر عمل ناگزیر ہے اور سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی حقیقی راہِ نجات ہے۔