حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام ڈگری کالج فار بوائز میں تربیتی سیمینار
حرم حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ میراث انبیا انسٹیٹیوٹ کی زیرِ نگرانی منعقدہ شارٹ کورس "ہمارا جوان ہماری امید" کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے سلسلے میں مختلف تعلیمی مراکز کا دورہ
حرم حضرت عباس علیہ السلام کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی نے ڈگری کالج فار بوائز کا دورہ کیا، جہاں اُنہوں نے طلباء، اساتذہ اور تعلیمی و تدریسی عملے سے ملاقات کی
اس موقع پر انہوں نے طلبا و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کو تاکید کی کہ وہ طلباء کے اندر علمی و فکری پہلو کو مزید اجاگر کریں، اور نوجوان نسل کو نصیحت کی کہ وہ اپنے جوانی کے قیمتی وقت کو دینی علوم اور عصری معارف کے امتزاج کے ساتھ بہترین طریقے سے گزاریں۔
انہوں نے حرم کی جانب سے جاری تعلیمی پروجیکٹ کے بارے میں بتایا اور بالخصوص میراث انبیا انسٹیٹیوٹ کا تعارف بھی پیش کیا اور وضاحت کی کہ حرم حضرت عباس علیہ السلام نے طلباء کے لیے ایک منفرد علمی پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے گھروں سے نجف اشرف کے حوزوی دروس سے استفادہ کر سکتے ہیں، جو آن لائن تعلیم کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انسٹیٹیوٹ میں نئے سال کے لیے داخلے کا آغاز ہو چکا ہے۔
دورے کے اختتام پر حرم کی جانب سے طلباء میں تبرکات اور مقدس تحائف تقسیم کیے گئے، جنہوں نے علمی کارکردگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
کالج کے پرنسپل نے اپنی گفتگو میں حرم حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) اور حرم کے نمائندے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلتستان کے علاقے میں یہ تعلیمی و تربیتی پروگرام منعقد کیا، جو بیس دن تک جاری رہا اور جس سے ہزاروں طلباء نے بھرپور علمی استفادہ کیا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز کا انعقاد ہوتا رہے گا