حرم امام حسینؑ روزانہ چار ہزار سے زیادہ سجدہ گاہیں تیار کرتا ہے
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام تربت تیار کرنے والا کارخانہ روزانہ کی بنیاد پر چار ہزار سے زائد سجدہ گاہیں تیار کرتا ہے، جنہیں دنیا بھر سے آنے والے زائرین کربلا سے اپنے ساتھ بطور تبرک لے جاتے ہیں
کارخانے کے سربراہ انجینئر عبدالحسن محمد نے بتایا کہ روضہ امام حسینؑ میں تربت کی تیاری زائرین کی خدمت کا ایک اہم پہلو ہے۔ اس مقصد کے لیے قائم کارخانے میں چار جدید مشینیں نصب ہیں جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت روزانہ چار ہزار سے زیادہ سجدہ گاہ ہے، جبکہ اس عمل کا تسلسل دس سال سے زائد کا تجربہ رکھتا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارخانہ تحفظِ شعائرِ دینی کا عملی نمونہ بن چکا ہے۔ اس کی خدمات صرف کربلا تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے مختلف خطوں تک پہنچ چکی ہیں، کیونکہ زائرین کربلا سے واپس جاتے وقت حرم کی تربت کو بطور تحفہ لے جانا پسند کرتے ہیں
انجینئر عبدالحسن نے بتایا کہ یہ کارخانہ اپنے دینی و روحانی مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے اور حرم مطہر کے اندر اور باہر تربت کی فراہمی اور تقسیم کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ یہ ساری کاوشیں حرم حسینی کی جانب سے زائرین کو پیش کی جانے والی منفرد اور باوقار خدمات کا حصہ ہیں
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ’’مرکز السبطین برائے فروختِ تبرکات‘‘ کے نام سے ایک خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے، جو ان مصنوعات کو نہایت معمولی قیمت پر زائرین تک پہنچانے کا ذریعہ ہے اور کارخانے و زائرین کے درمیان براہِ راست رابطے کا کردار ادا کرتا ہے