مرجع اعلی سید علی سیستانی دام ظلہ العالی کا پوپ فرانسس کی انتقال پر تعزیتی پیغام
جناب کارڈینل پییترو پارولین (سکریٹری آف اسٹیٹ، ویٹیکن)
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
سلام و احترام کے بعد؛
ہمیں نہایت افسوس کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ بابائے اعظم فرانسیس، سربراہ ویٹیکن، اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ وہ دنیا کی بہت سی اقوام کے نزدیک ایک بلند روحانی مقام کے حامل اور تمام انسانوں کے درمیان نہایت عزت و احترام کے مستحق تھے، کیونکہ انہوں نے امن و رواداری کے فروغ، مظلوموں اور ستائے گئے افراد سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار میں نمایاں کردار ادا کیا۔
نجف اشرف میں مرجع دینی اعلیٰ (سید علی الحسینی السیستانی دام ظلہ) سے ان کی تاریخی ملاقات ایک نہایت اہم سنگ میل تھی، جس میں دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کی رسالتوں پر ایمان، اور بلند اخلاقی اقدار کی پابندی ،انسانیت کو درپیش موجودہ بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ایک بنیادی ذریعہ ہیں۔
اسی طرح، پُرامن بقائے باہمی، تشدد اور نفرت کے خاتمے، اور مختلف مذاہب و افکار کے ماننے والوں کے درمیان حقوق کی رعایت اور باہمی احترام کی بنیاد پر اتحاد و الفت کے قیام کے لیے تمام کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا
مرجعیتِ دینیہ علیا اس المناک سانحے پر پوری دنیا میں کیتھولک چرچ کے پیروکاروں سے اپنی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، ان کے لیے صبر و سکون کی دعا کرتی ہے، اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہے کہ وہ اپنی وسیع رحمت کے مطابق، ان پر اور پوری انسانیت پر خیر، برکت اور امن نازل فرمائے۔
٢٢ شوال ١٤٤٦ھ مطابق ٢١ اپریل ٢٠٢٥ء
دفتر آیت اللہ العظمیٰ سیستانی (دام ظلہ) نجف اشرف