حرمِ امام حسین علیہ السلام کے وفد کی پاکستان آمد: راولپنڈی کی فضا میں گونجتا علمِ حسینیؑ

2025-02-09 07:57

راولپنڈی: حرمِ امام حسین علیہ السلام کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ماہِ شعبان میں پاکستان کا دورہ کیا، جس کا مقصد دینی و ثقافتی روابط کو فروغ دینا اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عام کرنا تھا۔ اس موقع پر وفد نے اسلام آباد میں آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا

حرمِ امام حسین علیہ السلام کے وفد نے پاکستان کے مختلف دینی و علمی اداروں کا دورہ کیا، جن کا مقصد اسلامی اقدار کے فروغ، حسینی تحریک کے پیغام کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان علمی و ثقافتی تبادلے کو مستحکم کرنا تھا۔ وفد نے جامعہ الکوثر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرجعیتِ اعلیٰ کے پاکستان میں وکیل علامہ شیخ انور علی نجفی حفظہ اللہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر حقیقی محمدی اسلام کی ترویج، امام حسین علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ اور قربانی و ایثار کے پیغام کو اجاگر کرنے کے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا

دورے کے دوران، پاکستان کے معروف مذہبی رہنماؤں اور علمائے کرام نے حرمِ امام حسین علیہ السلام کے وفد کا والہانہ استقبال کیا۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کے فروغ، عالمی سطح پر مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کے قیام اور ثقافتی روابط کے استحکام میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا

نیذ یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے وفود کا یہ پہلا دورہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی کئی وفود مختلف علمی و ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے لیے تشریف لا چکے ہیں۔ ان دوروں کے ذریعے امام حسین علیہ السلام کے آفاقی پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جو امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور اخوت کے قیام میں ایک نمایاں سنگِ میل ثابت ہو رہی ہیں

یہ دورہ پاکستان میں اہل بیتؑ کی تعلیمات کو فروغ دینے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوگا، جس کے اثرات نہ صرف دینی و علمی حلقوں پر، بلکہ عوامی سطح پر بھی نمایاں طور پر محسوس کیے جائیں گے۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى