بصرہ :حسینیؑ علم کے سائے میں، کینسر کے مریضوں کو ملا صبر و حوصلے کا پیغام
حضرت امام حسینؑ کے روضہ مبارک سے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے علم مبارک لے کر عراق کے صوبہ بصرہ کے مختلف اسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر مریضوں کو علمِ مبارک کی زیارت کرائی گئی اور خاکِ شفا کا تبرک پیش کیا گیا
وفد کے سربراہ جناب حاجی فاضل عواز نے بتایا کہ امام حسینؑ کے علمِ مبارک کو مختلف صوبوں میں بلند کرنے کی مہم کے سلسلے میں ہماری ٹیم جب بصرہ پہنچی، تو انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کینسر کے مریضوں سے ملاقات کی۔ اس اقدام کا مقصد ان مریضوں کو صبر، امید، اور روحانی حوصلہ فراہم کرنا تھا تاکہ وہ بیماری کے خلاف عزم کے ساتھ لڑ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفد نے الصدر ٹیچنگ اسپتال، تھیلیسیمیا سینٹر، اسپیشلائزڈ چلڈرنز اسپتال، اور ثقلین آنکولوجی اسپتال کا دورہ کیا۔ یہ تمام ادارے روضہ امام حسینؑ کے زیرِ انتظام "ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتھارٹی" کے تحت چل رہے ہیں۔
حاجی فاضل عواز کے مطابق، ملاقاتوں کے دوران مریضوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور انہیں نفسیاتی سہارا دے کر ان کا حوصلہ بڑھایا گیا۔ کربلا کی روحانی برکتیں ان مریضوں تک پہنچائی گئیں جو سخت بیماری کا سامنا کر رہے ہیں۔
دورے کے اختتام پر وفد نے اس بات پر زور دیا کہ عاشورا کا پیغام صرف سوگ اور غم تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک دائمی انسانی پیغام ہے جو صبر، ایثار، اور انسانیت کی عزت و فلاح کے لیے قربانی جیسے اعلیٰ ترین اقدار کی عکاسی کرتا ہے