کربلاء: بین الاقوامی اربعین کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں جاری

2025-07-14 09:07

روضۂ امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام ادارہ کربلاء سنٹر برائے مطالعات و تحقیقات کی انتظامیہ نے نویں بین الاقوامی اربعین کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا

یہ اجلاس 12 جولائی 2025 کو مرکز کے ڈائریکٹر جناب عبد الامیر قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں علمی معاون پروفیسر ڈاکٹر نذیر جبار ہنداوی، انتظامی معاون جناب صلاح الصافندی، اور مشاورتی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ریاض الجمیلی سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں کانفرنس کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں تحقیقی موضوعات، محققین کی شرکت، بین الاقوامی علمی و فکری شخصیات کی شمولیت، اور انتظامی و تنظیمی امور شامل تھے۔ اس کے علاوہ، تنظیمی کمیٹیوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کانفرنس کو ہر اعتبار سے کامیاب اور مؤثر بنایا جا سکے۔

اس موقع پر جناب عبد الامیر قریشی نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا علمی و فکری پلیٹ فارم ہے جو زیارتِ اربعین کے فکری، ثقافتی، روحانی اور سماجی پہلوؤں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس عظیم الشان کانفرنس کو اربعین جیسی عظیم مناسبت کے شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مکمل ہم آہنگی اور تعاون نہایت ضروری ہے۔

یاد رہے کہ زیارتِ اربعین کے حوالے سے نویں بین الاقوامی علمی کانفرنس 23-24 صفر الخیر 1447ھ بمطابق 18-19 اگست 2025ء کو منعقد ہوگی، جس کا عنوان ہے: زیارتِ اربعین روحانی اقدار اور علمی ترقی کا مظہر

اس کانفرنس میں عراق سمیت دنیا بھر سے نامور محققین، مصنفین، ماہرینِ تعلیم و ثقافت، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی

المرفقات

العودة إلى الأعلى