کربلاء: مدادِ عاشوراء خطاطی نمائش کا افتتاح

2025-07-15 07:22

حرم امام حسین علیہ السلام کے دارالقرآن الکریم کے ذیلی ادارے مرکز القلم کے زیر اہتمام عربی خطاطی کی ایک خصوصی نمائش کا افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد امام حسین علیہ السلام کی مظلومیت کو اجاگر کرنا ہے

نمائش کا پہلا حصہ بغداد-کربلاء روڈ پر واقع دارالقرآن الکریم کی عمارت میں منعقد ہوا، جہاں مختلف عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے خطاطوں اور فنکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مرکز القلم کے میڈیا انچارج وسام نذیر الدلفی نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد دارالقرآن الکریم کے سربراہ، شیخ ڈاکٹر خیرالدین الہادی نے خطاب کیا۔

انہوں نے واقعۂ عاشوراء کی یاد تازہ کرنے کے لیے عربی خطاطی جیسے مؤثر بصری فنون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک فن نہیں، بلکہ امام حسین علیہ السلام کا پیغام گہرے اور بامعنی انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ ہے

انہوں نے مزید بتایا کہ نمائش میں امام حسین علیہ السلام کی مظلومیت اور ان کے فضائل و مقام کو اجاگر کرنے والے 100 سے زائد فن پارے پیش کیے گئے ہیں، جن میں قرآنی آیات، احادیث، اور اقوال شامل ہیں۔

یہ فن پارے عراق سمیت مختلف عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے 35 معروف خطاطوں کے تیار کردہ ہیں۔ ان میں کلاسیکی و جدید دونوں طرز شامل ہیں اور ان سب کا مرکزی موضوع وہ اعلیٰ اقدار اور مقاصد ہیں جن کے لیے امام حسین علیہ السلام نے قیام فرمایا

نمائش کا دوسرا حصہ بین الحرمین کی روح پرور فضا میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو تین روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران خطاطی کے فن پر متعدد ورکشاپس اور تخصصی نشستیں بھی منعقد ہوں گی، جن میں عربی خطاطی کے ذریعے اسلامی موضوعات اور افکار کو بیان کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی جائے گی

وسام الدلفی نے بتایا کہ اختتامی دن نمائش میں شریک خطاطوں کی متولی شرعی کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات بھی طے ہے۔

اسی طرح کل شام سات بجے دارالقرآن الکریم کی عمارت میں ایک علمی و فنی نشست منعقد ہو گی، جس میں معروف خطاط استاذ عدنان حمد عربی خطاطی کی اہمیت اور رنگوں کے ذریعے عاشورائی پیغامات کی فکری و روحانی ترجمانی پر تفصیلی گفتگو کریں گے

المرفقات

العودة إلى الأعلى