استنبول میں روضہ امام حسین علیہ السلام کے زیر اہتمام تیسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
روضہ امام حسین علیہ السلام کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل میڈیا سینٹر کے زیر اہتمام استنبول میں تیسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا عنوان تھا: حسینؑ ہماری وحدت کی علامت اس کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روضہ امام حسین علیہ السلام کے نمائندے، شیخ علی قرعاوی نے کہا الحمدللہ، یہ سب امام حسین علیہ السلام کے اسمِ مبارک کا فیض ہے کہ اس کانفرنس میں مختلف عقائد، مکاتب فکر اور زبانیں بولنے والے افراد ایک ہی چھت تلے جمع ہوئے ہیں، کیونکہ حسینؑ کی محبت دلوں کو جوڑتی ہے اور سب کو ایک مرکز پر لے آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا امام حسین علیہ السلام کی تحریک اسلام اور مسلمانوں کی سربلندی کے لیے تھی، تاکہ ایک ایسا خالص محمدی اسلام دنیا کے سامنے آئے جو ہر قسم کی انتہا پسندی سے پاک ہو۔ آج استنبول کے عوام جس جوش و جذبے سے اس کانفرنس میں شریک ہوئے ہیں، وہ امام حسین علیہ السلام کے مقدس مشن سے ان کی سچی وابستگی کا ثبوت ہے۔
مرکز امام حسین علیہ السلام استنبول کے ڈائریکٹر، جناب صباح طالقانی نے کہا یہ بین الاقوامی عوامی کانفرنس روضہ امام حسین علیہ السلام کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ سرپرستی قائم مرکز امام حسین علیہ السلام کی سالانہ سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو گزشتہ تین برسوں سے استنبول میں تسلسل کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے اور اسے استنبول کے عوام کی بھرپور شرکت حاصل ہے
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں کئی اہم پروگرام شامل تھے، جن میں حرم کے نمائندے شیخ علی قرعاوی اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے معاون سربراہ جناب حسن نعمت الخفاجی کے خطابات شامل تھے۔ جناب الخفاجی نے حسینی میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح یہ میڈیا امام حسین علیہ السلام کے پیغام اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو دنیا بھر تک پہنچا رہا ہے۔
مزید براں، کانفرنس کے دوران دستاویزی فلموں کی نمائش بھی کی گئی۔ ایک فلم میں کربلا میں روضہ امام حسین علیہ السلام کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کانفرنس میں شرکاء کو ترکی زبان میں اہل بیت علیہم السلام کی سیرت، مناقب، اور امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کے بارے میں معلوماتی بروشرز بھی تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ، ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں روضہ مبارک کے مختلف منصوبوں اور کربلا مقدسہ کی مختلف جھلکیوں کو نمایاں کیا گیا
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں ایک خصوصی سرگرمی بھی رکھی گئی جسے ' میں بھی لکھوں یا حسینؑ کا نام دیا گیا۔ اس میں اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں نے اپنے ہاتھوں سے 'یا حسین علیہ السلام' لکھا۔ شرکاء نے اس عمل کو سعادت قرار دیا اور کہا کہ جب ہم نے یا حسینؑ لکھا، تو دلوں پر ایک عجیب کیفیت طاری ہوئی جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں یہ جان کر دلی مسرت ہوئی کہ یہ پرچم، جس پر ہمارے نام کے ساتھ 'یا حسین علیہ السلام' لکھا گیا ہے، کربلا میں روضہ امام حسین علیہ السلام میں جمع کیا جائے گا