بین الاقوامی سائیکل سواروں کا عراق میں تاریخی سفر: امن، یکجہتی اور انسانیت کا پیغام
لیڈی فاطمہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 45 بین الاقوامی سائیکل سواروں نے عراق کے صوبہ بصرہ سے کربلا تک ایک تاریخی اور غیر معمولی سفر مکمل کیا، جس کا مقصد امن، یکجہتی اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنا تھا
یہ منفرد مہم نہ صرف عراق کے مثبت اور پرامن تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی، بلکہ اس کا ایک اہم پہلو یتیموں اور بیواؤں کی مدد کے لیے فنڈز جمع کرنا اور امام حسین علیہ السلام کی زیارت بھی تھا۔
سائیکل سواروں کے گروپ لیڈر نے کربلا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
ہمارا سب سے پہلا ہدف یہ تھا کہ دنیا کو بتایا جائے کہ عراق اب جنگ کی نہیں، بلکہ امن کی علامت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری عراق کو ایک ترقی پذیر اور پرامن ملک کے طور پر دیکھے۔ دوسرا بڑا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات، خاص طور پر یتیموں اور بیواؤں کی مدد کے لیے دنیا بھر سے فنڈز اکٹھا کرنا تھا تاکہ ان کی تعلیم و تربیت کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ تیسرا اور سب سے اہم ہدف امام حسین علیہ السلام کی زیارت تھا۔ امام ہی کی محبت نے ہم سب کو یہاں یکجا کیا ہے۔
مہم میں شریک ایک سائیکل سوار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں سے متاثر ہو کر میں نے یہ سفر اختیار کیا۔ کربلا تک پہنچنا نہ صرف ایک جسمانی چیلنج تھا بلکہ میرے لیے روحانی تسکین کا ذریعہ بھی بنا۔"
تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دشوار گزار راستوں سے گزر کر زیارتِ کربلا پر پہنچنا ان کے لیے باعثِ سعادت ہے اور یہ سفر انہیں ہمیشہ یاد رہے گا۔
یہ تاریخی قافلہ صفوان کے علاقے سے روانہ ہوا اور تقریباً 400 کلومیٹر کا سخت سفر طے کرتے ہوئے ناصریہ، نجف اور پھر کربلا پہنچا۔ دورانِ سفر سائیکل سواروں نے عراق کے صاف ستھرے شہروں، تاریخی مقامات اور مقامی عوام کی پرتپاک مہمان نوازی کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا، جس سے عراق کی پرامن اور خوشگوار تصویر عالمی سطح پر وائرل ہوئی۔
لیڈی فاطمہ فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق، اس مہم کے ذریعے دنیا بھر سے فنڈز جمع کیے جائیں گے، جو یتیم بچوں کی تعلیم اور بیواؤں کو روزگار فراہم کرنے کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔ ترجمان نے مزید کہا:
"ہم چاہتے ہیں کہ ان یتیم بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جائے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں
سائیکل سوار گروپ کے ارکان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس نیک مشن کو دنیا بھر میں عام کریں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس کارِ خیر میں حصہ لیں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ عراق کے اس منفرد امن سفر نے بین الاقوامی سطح پر بھرپور توجہ حاصل کی اور یہ ثابت کیا کہ امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات آج بھی انسانیت، قربانی اور اتحاد کا درس دیتی ہیں۔