کربلاء مقدسہ میں عراق کا پہلا بڑا سولر پاور منصوبہ: 2025 میں 40 ہزار سولر پینلز کی تنصیب کا آغاز

2024-12-29 13:20

وزارتِ بجلی نے جمعہ کے روز کربلاء مقدسہ میں سولر پاور پلانٹ کے منصوبے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے اسے توانائی کے صاف اور پائیدار ذرائع کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا

بیان کے مطابق، کربلاء مقدسہ سولر پاور پلانٹ کی تعمیر کے سول ورک جاری ہیں۔ یہ منصوبہ توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور کسی ایک ذریعہ پر انحصار ختم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ منصوبے کی پیداواری صلاحیت 300 میگاواٹ ہوگی، جبکہ یہ 525 میگاواٹ کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے، جس میں فراتِ اوسط کے کئی علاقے شامل ہیں۔

پہلے مرحلے کی تکمیل 365 دنوں میں متوقع ہے، جس کے لیے قضاء الحر، کربلاء مقدسہ میں 4000 دونم زمین مختص کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ منصوبے کے لیے درکار 500,000 سولر پینلز میں سے 40,000 پینلز 2025 کے دوسرے مہینے تک نصب کر دیے جائیں گے۔

وزارت نے اس منصوبے کو عراق میں توانائی کے صاف ذرائع کی ترقی اور درآمد شدہ ایندھن پر انحصار کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے، جس کا مقصد توانائی کے نظام کو بہتر بنانا اور اس کی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

ابو علی

منسلکات

العودة إلى الأعلى