امام حسن عسکریؑ کی شہادت پر 40 لاکھ سے زائد زائرین کا پرسہ
سامراء میں امامین عسکریینؑ کے روضہ مبارک کی جنرل سیکریٹریٹ نے امام حسن عسکریؑ کی شہادت کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی تعداد کا اعلان کیا
اس سال یومِ شہادتِ امام حسن عسکریؑ پر سامراء میں 40 لاکھ سے زائد زائرین نے پرسہ پیش کیا، اور یہ بابرکت زیارت پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں سیکیورٹی اداروں، خدماتی مواکب، طبی عملے، رضاکاروں اور دینی اداروں کا بھرپور تعاون شامل رہا
کربلا ٹوڈے :روضہ عسکریینؑ سے جاری بیان کے مطابق امام حسن عسکریؑ کی شہادت کے موقع پر سامراء میں عزاداری کے اجتماعات میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی اور امام زمانہؑ عج کو پرسہ پیش کیا۔ یہ عظیم اجتماع اہل بیتؑ سے بے پناہ عقیدت و وفاداری کی جیتی جاگتی تصویر تھا
مزید کہا گیا کہ یہ عزاداری روضہ عسکریینؑ کے تمام شعبہ جات اور خادموں، عتبات عالیات، حکومتی اداروں، مواکب، سیکیورٹی فورسز، ماتمی دستوں، حشدِ شعبی کے جوانوں اور رضاکاروں کے بھرپور تعاون سے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی
بیان میں جاری اعداد و شمار کے مطابق
1- سامراء مقدسہ پہنچنے والے زائرین کی تعداد 40 لاکھ سے زائد رہی
2- مختلف عراقی صوبوں سے 4190 سے زائد رضاکاروں نے خدمت کی، جن کے ساتھ 100 رضاکار انجمنوں نے حصہ لیا۔
3- زائرین کی خدمت کے لیے 1240 عزاداری اور خدماتی مواکب شریک ہوئے
4- روضہ عسکریینؑ نے 95 سے زائد سیٹلائٹ چینلز اور میڈیا اداروں کو خدمات فراہم کیں، اور 220 سے زیادہ ملکی و غیر ملکی صحافیوں کا استقبال کیا۔ اس مقصد کے لیے براہِ راست نشریات کی سہولت، فلم بندی کی خصوصی اجازتیں اور ایک جدید میڈیا سینٹر فراہم کیا گیا
5- خدماتی، سیکیورٹی اور طبی معاون اداروں کی تعداد تقریباً 60 رہی
اس بھرپور تعاون اور ہم آہنگی کے نتیجے میں زیارت کے تمام مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل ہوئے۔ زائرین کو سہولت، آرام اور پرامن انداز میں زیارت کی ادائیگی کا موقع ملا اور وہ سلامتی کے ساتھ اپنے شہروں کو واپس روانہ ہوئے۔
آخر میں بیان میں کہا گیا کہ روضہ مبارک عسکریینؑ کی جنرل سیکریٹریٹ ہر اُس فرد اور ادارے کی دلی شکر گزار ہے جس نے اس عظیم الشان زیارت کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا