جامعہ زہراء اور ترک یونیورسٹی کے اشتراک سے سیدہ فاطمہ زہراء (علیہا السلام) کی سیرت پر بین الاقوامی کانفرنس

2024-12-16 08:25

حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر انتظام جامعہ زہراء (علیہا السلام) نے ترکیہ کی اسلامی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے سیدہ زہراء (علیہا السلام) کی سیرت مبارکہ سے مستفاد اخلاقی اقدار" کے موضوع پر ایک اہم بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا۔

جامعہ زہراء (علیہا السلام) کی وائس چانسلر، ڈاکٹر زینب السلطانی نے کانفرنس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کربلاء انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کو بتایا کہ یہ کانفرنس حرم امام حسین (علیہ السلام) کی سرپرستی اور جامعہ زہراء کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔ اس میں ترکیہ کی اسلامی یونیورسٹی کے صدر، ڈاکٹر شیخموس دیمیر نے "سیدہ زہراء (علیہا السلام) کی سیرت سے مستفاد اخلاقی اقدار" کے موضوع پر جامع علمی و فکری خطاب کیا۔

ڈاکٹر زینب السلطانی نے وضاحت کی کہ اس کانفرنس میں اسلام کے عائلی اور معاشرتی نظام میں موجود اعلیٰ اخلاقی اقدار پر روشنی ڈالی گئی، جو اسلامی معاشروں کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ اس موقع پر قرآن مجید کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

کانفرنس کے دوران ڈاکٹر شیخموس دیمیر نے جامعہ زہراء اور شہر کربلاء کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا:

جامعہ زہراء (علیہا السلام) حرم امام حسین (علیہ السلام) کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے، جو علم اور اخلاق کا امتزاج پیش کرتی ہے۔ یہ یونیورسٹی اخلاقی اصولوں اور علمی ترقی کی بنیاد پر اسلامی معاشروں کو استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

ڈاکٹر دیمیر نے کربلاء اور نجف اشرف کی تاریخی عظمت اور روحانی مقام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ان شہروں کو اسلامی تہذیب کے لیے بے مثال قرار دیا۔

یہ کانفرنس نہ صرف علمی تبادلے کا ذریعہ بنی بلکہ سیدہ زہراء (علیہا السلام) کی سیرت طیبہ کے عملی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے اسلامی معاشروں میں اخلاقی اور تعلیمی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوئی۔

ابو علی

منسلکات

العودة إلى الأعلى