مرجع اعلیٰ سید علی سیستانی دام ظلہ الوارف سے اقوام متحدہ کے نمائندے کی ملاقات
عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے محمد الحسان نے مرجعِ اعلیٰ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی (دام ظلّه الوارف) سے نجف اشرف میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی
یہ ملاقات 38 دنوں میں ان کی دوسری ملاقات تھی، جس میں عراق کے استحکام اور خطے کے موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد الحسان نے کہا کہ عراق کو تصفیہ طلب تنازعات کا میدان بنانے کے بجائے امن و استحکام کی سرزمین ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور مرجعیت کا مشترکہ ہدف عراق کی وحدت، امن، اور ترقی ہے، اور اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
اس ملاقات کے دوران مرجعِ اعلیٰ نے عراق میں امن و امان، وحدت، اور قومی استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی تنازعات سے عراق کو محفوظ رکھنا ناگزیر ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
محمد الحسان نے مزید وضاحت کی کہ ملاقات میں امریکی دورے کے نتائج پر بھی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مرجعِ اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ عراقی قیادت ایسے فیصلے کرے گی جو عوام کے مفادات کو ترجیح دیں اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال کر ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کی طرف لے جائیں۔
یہ ملاقات مرجعیت کی طرف سے عراق کے مستقبل کے لیے کیے جانے والے مخلصانہ اقدامات کا واضح اظہار ہے، جس میں عوامی وحدت، امن، اور قومی خودمختاری کو اولیت دی گئی ہے۔
ابو على