تمام عتبات عالیات کے متولوں کا مشہد میں جشن امام رضا علیہ السلام میں شرکت

2022-06-14 11:42

حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شب ولادت سعادت کے موقع پر عتبات عالیات اور مقدس مقامات کے متولیوں اور نمائندوں کی موجودگی میں باہمی عہد و پیمان اور یکجہتی کے نشان اور لوح ’’سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں‘‘ پر دستخط کئے گئے ۔

حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شب ولادت با سعادت کے موقع پر نشانِ عہد ویکجہتی’’ سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں‘‘ پر جسے اس سال آستان قدس رضوی کے مرکزی نعرے کے طور پر منتخب کیا  گیا ،   مقدس مقامات کے متولیوں اور نمائندوں نے دستخط کئے ۔
حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے اوّل ذیقعد سے گیارہ ذیقعد تک عشرہ کرامت منایا جاتا ہے اس سال عشرہ کرامت کا مرکزی نعرہ اور نشان’’سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں‘‘ تھا،اس نشان کو دینی و ثقافتی مراکز اور اداروں کی جانب سے بہت زیادہ سراہا گیا اور آستان قدس رضوی کی تجویز پر مقدس مقامات کے نمائندوں کی موجودگی میں نشان یا لوح ’’سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں‘‘ پر دستخط کئے گئے ۔
شب ولادت امام رضا(ع) کے موقع پر زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد کی موجودگی میں حرم امام رضا (ع) کے نائب متولی  ڈاکٹر مالک رحمتی،حرم مطہر رضوی  کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ   مصطفیٰ فیضی، عراق کےدیوان وقف  شیعی کے سربراہ   ڈاکٹر حسن الشمری،کوفہ یونیورسٹی میں عربی زبان کے پروفیسر  ڈاکٹر سلیم الجصانی،مسجد کوفہ کے متولی   سید محمد مجید موسوی،حضرت عباس علمدار(ع) کے روضہ کے متولی مصطفیٰ ضیاء الدین اورامام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک کے نائب متولی کے علاوہ دیگرمقدس مقامات کے نمائندوں اور متولیوں نے حرم مطہر رضوی میں مل کر نشان عہد و یکجہتی ’’سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں‘‘ پر دستخط کئے۔ 
مقدس مقامات کے متولیوں اور نمائندوں نے دستخط کرنے کے بعد عہد وپیمان اور یکجہتی کی علامت کے طور پر ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر اور زائرین و مجاورین کے ساتھ مل کر لبیک یا حسین(ع) ، لبیک یا امام رضا(ع)، لبیک یا عباس(ع)، لبیک یا علی(ع) کے نعرے لگائے۔ 
تقریب کے اختتام پر عراق کے  شیعہ دیوان اوقاف کے سربراہ نے خطاب کیا جس میں انہوں نے مقدس مقامات کے نمائندوں کے نشانِ عہد  ویکجہتی ’’سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں‘‘ پر دستخط کو اہلبیت(ع) کے ساتھ تجدید عہد و پیمان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت رات میں ائمہ اطہار(ع) کے خادموں کا یہ اجتماع دنیا والوں کے لئے ایک پیغام ہے اور وہ یہ کہ ہم سب پیغمبر گرامی اسلام(ص)، اہلبیت اطہار(ع) اور ان کی تعلیمات کے محافظ اور خادم ہیں
 

منسلکات

العودة إلى الأعلى