انڈیا :ادارہ علم و دانش کے زیر اہتمام عشرہ ولایت کا انعقاد
ادارہ علم و دانش لکھنو نے اس برس عشرہ کرامت و ولایت کے پر مسرت موقع پر مختلف مقامات پر درس نہج البلاغہ کے عنوان سے روحانی و معنوی پروگرام کا اہتمام کیا
حیدر آباد(تلنگانہ) کتابخانہ علم و دانش گذشتہ دو برسوں سے مسلسل نہج البلاغہ کے سلسلہ میں کوشاں ہے۔اس راہ میں عظیم کام مرکز افکار اسلامی کا تیار کردہ نہج البلاغہ کا دیدہ زیب و منفرد نسخہ ہے جس کی اشاعت اور پھر اسے ملک کے کونے کونے نیز بیرون ملک پہنچانا یقینا ایک عظیم خدمت ہے۔
اس سلسلہ کا پہلا لکچر حیدر آباد کے یاقوت پورہ علاقہ میں واقع تبیان انسٹیٹیوٹ کے فعال رکن مولانا آغا منور علی نے دیا۔
مولانا نے ابتدائی گفتگو میں نہج البلاغہ کا تعارف پیش کر سید رضی کی علمی جلالت اور اس عظیم خدمت کا بھرپور تذکرہ کیا۔
انہوں نے اہلسنت و شیعہ علماء کا نام لیتے ہوئے ان کی زبانی مولائے متقیان امیر بیان حضرت علی علیہ السلام کے کلام کی انفرادیت کا تذکرہ کیا اور کہا آج کتابخانہ علم و دانش لکھنو نے مرکز افکار اسلامی کا تیار کردہ شاندار نسخہ شائع کر دیا ہے تو اب ہمارے علماء،افاضل،ذاکرین،شعراء حضرات خیالی علی پیش نہ کریں بلکہ مولا کے فضائل خود بزبان مولا جو بیان ہوئے ہیں اور نہج البلاغہ میں کثرت سے موجود ہیں اس کو فضائل علوی کی ترویج کا ذریعہ بنایا جائے۔
حضرت علیؑ آسمانی ہدایت کے راستوں کو زمینی راستوں سے بہتر جانتے تھے اور نہج البلاغہ کے خطبہ ۱۰۱ میں فرماتے ہیں: ہمارا کام اور ہماری پہچان انتہائی مشکل ہے۔ صرف اللہ کے وہ مومن بندے جن کے دل الہٰی آزمائش میں کامیاب ہو چکے ہوں، اسے سمجھ سکتے ہیں۔ ہماری باتیں پاک دلوں کے خزانوں میں محفوظ ہوتی ہیں۔ قبل اس کے مجھے کھو دو جو کچھ مجھ سے پوچھنا چاہو، پوچھ لو کیونکہ میں آسمانوں کے راستوں کو زمین کے راستوں سے بہتر جانتا ہوں۔
ادارہ علم و دانش لکھنو کے مدیر مولانا سید حیدر عباس رضوی نے بتایا کہ اس برس یہ کوشش و کاوش حیدرآباد سمیت لکھنو،ضلع بارہ بنکی،ضلع بلرامپور،ضلع بجنور وغیرہ میں عملی جامہ پہنے گی۔
کلام امیر سے آشنائی کی خاطر شریک درس ہوں اور نہج البلاغہ کا دیدہ زیب نسخہ حاصل کرنے کے لئے رابطہ فرمائیں۔