غدیر: الٰہی قیادت، عدل و انصاف کا درخشاں نمونہ

2026-06-03 08:18

عیدِ غدیر تاریخ اسلام کے درخشاں اور عظیم ترین مراحل میں سے ایک ہے یہ وہ مبارک دن جس میں ہدایتِ الٰہی کی حقیقت اپنے کامل جلوے کے ساتھ آشکار ہوتی ہے اور ولایت، وفاداری اور حق شناسی اپنی بلند ترین منزلوں کو چھوتی ہیں

یہ ایسا عید کا دن ہے جو دلوں کو مسرت و بصیرت کے گلشن میں تبدیل کر دیتا ہے، روحوں کو حق کے اعتراف کی وسعت عطا کرتا ہے اور انسانی وجدان میں آسمانی اقدار و اصول کی جڑیں مزید مضبوط کر دیتا ہے۔

ہجرت کے دسویں سال، اٹھارہ ذی الحجہ کا یہ عظیم دن اپنے اندر ایسے معانی و حقائق سموئے ہوئے ہے جن میں آسمان کی قدسیت اور زمین کی ضرورتیں باہم یکجا ہو جاتی ہیں

یہی وہ تاریخی لمحہ ہے جب دینِ اسلام اپنی تکمیل کے نقطۂ عروج پر پہنچا اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت امیرالمؤمنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کو مسلمانوں کے لیے اپنا وصی، جانشین اور ولی مقرر فرما کر ولایتِ الٰہی کے ابدی تسلسل کا اعلان فرمایا

عیدِ غدیر : نبوت کا درخشاں منظر، امامت کا جلوہ اور ہدایتِ الٰہی کی تجلی

عیدِ غدیر کی سب سے نمایاں خصوصیت صرف اس کی جشن و مسرت کی تقریبات نہیں، بلکہ وہ عظیم اور تاریخ ساز واقعہ ہے جس کی یاد میں یہ مبارک دن منایا جاتا ہے۔ غدیرِ خم کے اس وسیع و عریض صحرا میں، جو تاریخِ اسلام کے عظیم ترین نبوی مناظر کا گواہ ہے، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر ہزاروں مسلمانوں کو جمع فرمایا۔

روحانیت اور خشوع سے بھرپور اس اجتماع میں، اور ایک عظیم الشان مجمع کے سامنے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بغیر کسی مجاز گوئی اور ابہام رکھے بغیر ، نہایت ہی صراحت اور وضاحت کے ساتھ یہ تاریخی اعلان فرمایا: من کنت مولاہ فہذا علی مولا

جس جس کا میں مولا ہوں، اس اس کے علی مولا ہیں

یہ اعلان ایک ناقابلِ تردید الٰہی حقیقت کا ترجمان تھا، جس نے حکمِ خداوندی سے مقرر ہونے والی ولایت و جانشینی کی بنیاد کو آشکار کیا؛ ایسی الٰہی قیادت جو عدل، ایمان اور ہدایتِ بشر کے عظیم پیغام کی حامل تھی

غدیر کا الٰہی پہلو : جاوداں رموز اور دائمی ولایت

عیدِ غدیر ایک ایسے عمیق فلسفیانہ اور الٰہی مفہوم سے وابستہ ہے جو زمان و مکان کی حدود سے ماورا ہے۔ اس دن جس ولایت کا اعلان کیا گیا، وہ محض کسی منصب کی سپردگی یا شخصی قیادت کا تعین نہیں، بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی اس مشیت کا مظہر ہے جس کے تحت اُس نے اپنی رسالت کا پرچم سنبھالنے کے لیے ایک عادل اور بصیر رہبر کا انتخاب فرمایا۔

حضرت علی علیہ السلام کی ولایت درحقیقت اس بلند ترین قیادت کا مظہر ہے جو انسان کے اپنے رب سے تعلق کو بھی منظم کرتی ہے اور معاشرے کے افراد کے باہمی رشتوں میں بھی عدل و توازن قائم کرتی ہے

عیدِ غدیر کے موقع پر گویا زمین اس امر کی گواہ بن جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اہلِ ایمان پر اپنی نعمت کو کامل فرمایا اور ان کے لیے دین کو کمال تک پہنچا دیا پس عیدِ غدیر محض ایک جامد تاریخی واقعہ نہیں جو صدیوں کے ساتھ ماضی کی گرد میں دب کر رہ گیا ہو، بلکہ یہ اسلام کے رسالی و فکری وژن کی گہرائیوں میں رچی بسی ایک زندہ اور پائیدار فکر ہے۔ یہ درحقیقت اس ولایت کا اعلان ہے جو اپنی مشروعیت ایک ایسے الٰہی سرچشمے سے حاصل کرتی ہے جس تک باطل کی رسائی ممکن نہیں، اور جو محض کسی شخص یا نام تک محدود ایک تصور نہیں۔

بلکہ غدیر ایک ایسی ہمہ گیر دعوت ہے جو عدلِ مطلق کے اصولوں، حقیقی مساوات اور ایسی قیادت کے قیام کی طرف رہنمائی کرتی ہے جو انسانیت کے رخ کو اس کے بلند و ارفع مقاصد کی جانب موڑ دے۔ اور امیرالمؤمنین حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت درحقیقت اسلامی اقدار کی وہ بلند ترین تجسیم ہے جو ایثار، قربانی اور بے مثال عطا کی صورت میں جلوہ گر ہوتی ہے۔ حضرت امیرالمؤمنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی قیادت درحقیقت اسلام کے حقیقی معانی کا ایسا جامع خلاصہ تھی جو حق کو سربلند کرتی ہے اور معاشروں میں عدل و انصاف کی بنیادیں استوار کرتی ہے۔ عیدِ غدیر کا یہ مبارک دن اسی قیادت کو امتِ مسلمہ کے لیے ایک دائمی اور ابدی مرجع و معیار قرار دیتا ہے، جس کا فیض کبھی ختم نہیں ہوتا اور جس کا نور کبھی ماند نہیں پڑتا، خواہ زمانے اس کی عظمت کو مٹانے کی کتنی ہی کوشش کریں

غدیر کو محض اس کے مذہبی پہلو تک محدود نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ اپنے اندر ایک عظیم انسانی پیغام بھی رکھتا ہے جو ہر دور اور ہر زمانے سے مخاطب رہتا ہے۔ ولایت دراصل کسی قسم کی پابندی یا بوجھ مسلط کرنے کے لیے نہیں آئی، بلکہ یہ انسان کو خواہشِ نفس اور دنیا کی فریب کاریوں سے آزاد کرنے کی دعوت ہے

یہ ایک ایسی تہذیب ہے جو عدل و مساوات کی اقدار کو مضبوط کرتی ہے، پرامن زندگی اور باہمی احترام کی ترغیب دیتی ہے۔ غدیر اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ عادلانہ قیادت کس طرح ایک ایسا مربوط اور مضبوط معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے جس میں محبت، ایثار اور اخوت کا غلبہ ہو اور جو ہر قسم کی تفریق و انتشار سے بالاتر ہو

غدیر اور فکری و ثقافتی تخلیق کی درخشاں تجلیات

غدیر کا دن محض اسلامی تاریخ کا ایک گزر جانے والا واقعہ نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا الہام بن چکا ہے جس کی بازگشت امت کے ادب اور فنون میں ہر دور میں سنائی دیتی رہی ہے۔ بہت سے عرب اور مسلم شعراء نے اس مبارک دن کی شان میں قصیدے کہے اور ایسے یادگار اشعار چھوڑے جو ہماری روحوں سے یوں ہم آہنگ ہیں جیسے آسمانی نغمے

اہلِ قلم اور مؤرخین نے بھی اپنے قلم کی سیاہی سے غدیر کی عظمت اور اس کے پیغامات کو بیان کیا، اور حروفِ نورانی کے ذریعے حق، ایثار اور فداکاری کے دلائل کو ثبت کیا۔ یوں غدیر محض ایک تاریخی دن نہیں رہا بلکہ یہ ایک فکری اور تہذیبی تخلیق کا سرچشمہ بن گیا ہے۔

غدیر دراصل انسانیت کے لیے ایک ایسا معیار و میزان ہے جس کے ذریعے وہ اسلام کے پیش کردہ اعلیٰ اور بلند اخلاقی و انسانی اقدار کو پرکھا جاتا سکتا ہے، وہ اقدار جنہیں امیرالمؤمنین حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام نے اپنی سیرت و کردار میں کامل طور پر مجسم کر دیا

عیدُ اللہِ اکبر؛ تجدیدِ عہدِ ولایت اور وفائے ابدی کا دن

عیدِ غدیر کی انفرادیت اور عظمت کا راز یہ ہے کہ یہ کوئی ماضی کی کسی کتاب فرسودہ صفحہ نہیں، بلکہ ایک زندہ و تابندہ درس ہے جو ہر دور میں نئی معنویت کے ساتھ دلوں کو روشنی بخشتا ہے۔ یہ ایک ایسا شیریں نھر اور رواں چشمۂ ہدایت ہے جو ہر سال اپنے پیغام، اپنی تازگی اور اپنی تاثیر کے ساتھ ازسرِ نو جاری ہو جاتا ہے جب دنیا تنازعات، اختلافات اور تقسیم در تقسیم کا شکار ہے، غدیر ہمیں اس الٰہی قیادت کی اہمیت کا درس دیتا ہے جو اپنی مشروعیت آسمان سے حاصل کرتی ہے اور جس کا مقصد محبت، امن اور اخوت پر مبنی متحد و منظم انسانی معاشرے کی تشکیل ہے

غدیر ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ عدل و انصاف محض ایک نعرہ نہیں بلکہ عدالت ایک طویل اور مسلسل سفر کا نام ہے، جو اصلاح و تبدیلی کے لیے کی جانے والی جدوجہد کی افادیت پر غیر متزلزل یقین سے استوار ہوتا ہے

لہٰذا عیدِ غدیر محض دیگر مبارک ایام کی مانند ایک تہوار نہیں، بلکہ عیدُ اللہِ اکبر ہے؛ وہ عظیم دن جس کی آمد کے لیے اہلِ ایمان شوق و محبت کے ساتھ چشم براہ رہتے ہیں۔ یہ وہ مبارک موقع ہے جب مسلمان ایک بار پھر اپنی وفاداری، محبت اور وابستگی کے عہد کی تجدید کرتے ہیں، اُس ہستی کے ساتھ جسے بارگاہِ الٰہی سے ولایت و امامت کا عظیم ترین اعزاز عطا ہوا اور جسے آسمان نے اپنی بلند ترین سندِ افتخار سے سرفراز فرمایا

پیغامِ غدیر؛ تاریخ کے آئینے

آج، اعلانِ غدیر کو صدیوں گزر جانے کے باوجود، یہ مبارک دن ہر اُس شخص کے لیے مشعلِ راہ بنا ہوا ہے جو محبت، عدل اور امن پر مبنی معاشرے کی تشکیل کا خواہاں ہے۔ غدیر محض ایک ایسی تاریخ نہیں جس کا انتظار کیا جائے، بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے جسے اس کے معانی اور پیغامات کے ساتھ ہر روز جیا جاتا ہے

عیدِ غدیر ایک ایسی اٹل حقیقت کی یاد دلاتی ہے جس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں کہ وہی الٰہی قیادتیں، جو عدل و انصاف کے چراغ روشن کرتی اور ہدایت کے مینار بلند کرتی ہیں، انسانی روحوں اور معاشروں کے درمیان حقیقی ہم آہنگی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں

یہیں غدیر ایک واضح اور روشن پیغام بن کر سامنے آتا ہے کہ صالح اور مستقیم الٰہی قیادت، معاشرتی امن کے قیام اور ایک متحد انسانی معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے؛ ایسا معاشرہ جو عدل، مساوات، اخوت اور انسانی وقار کے پائیدار اصولوں پر استوار ہو

العودة إلى الأعلى