حرم حضرت عباسؑ نے اربعین 1448ھ میں شریک زائرین کی تعداد کا اعلان کر دیا
حرم حضرت عباسؑ کے سیکریٹریٹ نے آج بروز منگل 20 صفر 1448ھ، بمطابق 4 اگست 2026ء اعلان کیا ہے کہ زیارتِ اربعینِ امام حسینؑ میں شرکت کرنے والے زائرین کی تعداد ایک کروڑ 99 لاکھ 99 ہزار 870 (19,999,870) رہی
انتظامیہ نے بتایا کہ زائرین کی گنتی کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس جدید الیکٹرانک نظام استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے کربلائے مقدسہ میں داخل ہونے والے زائرین کو مرکزی راستوں اور روضۂ مقدس کے داخلی راستوں پر شمار کیا گیا
بیان میں کہا گیا ہم اپنے امامِ زمانہ حضرت حجت بن الحسن (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف)، مراجعِ عظام، اور پوری امتِ مسلمہ، بالخصوص عراقِ عوام کو امام حسینؑ کے اربعین کے موقع پر تعزیت پیش کرتے ہیں
ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ تمام زائرین کو اپنی حفاظت میں رکھے اور انہیں اپنی عبادات و طاعات کی قبولیت کے ساتھ بخیریت اپنے گھروں کو واپس پہنچائے
بیان کے مطابق، گزشتہ 13 صدیوں کی طرح اس سال بھی کربلائے مقدسہ کو حضرت امام حسینؑ اور حضرت ابوالفضل العباسؑ کے لاکھوں زائرین کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔ مقدس روضوں نے زائرین کو طبی، خدماتی اور عزائی سہولیات فراہم کیں، جبکہ روضۂ عباسیہ کے شعبۂ مواصلات نے مسلسل دسویں سال جدید الیکٹرانک نظام کے ذریعے زائرین کی تعداد کا اندراج کیا۔ اسی طرح مرکز الکفیل برائے معلومات و شماریاتی مطالعات نے دیگر خدمات کا تجزیاتی و شماریاتی ریکارڈ بھی مرتب کیا
اعلامیے کے مطابق یکم صفر سے 20 صفر کی شام 6 بجے تک کربلائے مقدسہ کے پانچ مرکزی داخلی راستوں
بغداد۔کربلا
بغداد۔الجمالیہ
نجف۔کربلا
بابل۔کربلا
حسینیہ۔کربلا
سے آنے والے زائرین کی مجموعی تعداد 19,999,870 ریکارڈ کی گئی، جسے مصنوعی ذہانت پر مبنی الیکٹرانک نظام کے ذریعے شمار کیا گیا
اعلامیے کے آخر میں گزشتہ برسوں کے مقابلے پر مشتمل ایک تقابلی جدول بھی جاری کیا گیا ہے۔



