شعبان سے رمضان تک: رحمتِ الٰہی کا روحانی سفر
اسلامی معارف میں ماہِ شعبان کو ماہِ رمضان کی تمہید اور روحانی آمادگی کا مہینہ قرار دیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ عظیم محدث و عالمِ دین علامہ محمد باقر مجلسیؒ نے اپنی معروف کتاب زادُ المعاد کا آغاز ہی ماہِ شعبان کے اعمال سے کیا ہے، اور اسی کے ابتدائی حصے میں ماہِ مبارک رمضان کی فضیلت و عظمت کو تفصیل سے بیان فرمایا ہے
یہ طرزِ ترتیب خود اس حقیقت کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ رمضان المبارک میں داخل ہونا محض ایک تقویمی تبدیلی نہیں بلکہ ایک عظیم روحانی مرحلہ ہے، جس کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔
رمضان المبارک سے قبل ذہنی، اخلاقی اور روحانی آمادگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں امام علی بن موسیٰ الرضاؑ کا ایک نہایت بلیغ اور بصیرت افروز ارشاد ہماری عملی رہنمائی کرتا ہے۔ عبدالسلام ہروی روایت کرتے ہیں کہ امامؑ نے فرمایا:
يَا أَبَا الصَّلْتِ، إِنَّ شَعْبَانَ قَدْ مَضَى أَكْثَرُهُ، وَهَذَا آخِرُ جُمُعَةٍ فِيهِ، فَتَدَارَكْ فِيمَا بَقِيَ تَقْصِيرَكَ فِيمَا مَضَى مِنْهُ، وَعَلَيْكَ بِالْإِقْبَالِ عَلَى مَا يَعْنِيكَ، وَأَكْثِرْ مِنَ الدُّعَاءِ وَالِاسْتِغْفَارِ وَتِلَاوَةِ الْقُرْآنِ، وَتُبْ إِلَى اللَّهِ مِنْ ذُنُوبِكَ، لِيُقْبِلَ شَهْرُ رَمَضَانَ إِلَيْكَ وَأَنْتَ مُخْلِصٌ لِلَّهِ عَزَّ وَجَلَّ… وَأَكْثِرْ أَنْ تَقُولَ فِيمَا بَقِيَ مِنْ هَذَا الشَّهْرِ:
اللَّهُمَّ إِنْ لَمْ تَكُنْ غَفَرْتَ لَنَا فِيمَا مَضَى مِنْ شَعْبَانَ فَاغْفِرْ لَنَا فِيمَا بَقِيَ مِنْهُ، فَإِنَّ اللَّهَ تَبَارَكَ وَتَعَالَى يُعْتِقُ فِي هَذَا الشَّهْرِ رِقَابًا مِنَ النَّارِ لِحُرْمَةِ شَهْرِ رَمَضَانَ.
اے اباصلت! ماہِ شعبان کا زیادہ حصہ گزر چکا ہے اور یہ اس کا آخری جمعہ ہے، لہٰذا جو کوتاہیاں ہو چکیں ان کی تلافی کرو، دعا، استغفار اور تلاوتِ قرآن کی کثرت کرو، گناہوں سے سچی توبہ کرو، تاکہ جب ماہِ رمضان تم پر وارد ہو تو تم خالصتاً اللہ کے لیے تیار ہو… اور اس مہینے کے باقی دنوں میں یہ دعا بکثرت پڑھو: اے اللہ! اگر تو نے ہمیں شعبان کے گزرے ہوئے دنوں میں نہیں بخشا تو باقی ایام میں ہمیں معاف فرما دے
یہ تعلیم درحقیقت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ رمضان کی حقیقی تیاری دل کی پاکیزگی، حقوق العباد کی ادائیگی اور اخلاصِ نیت سے ہوتی ہے
اسی روحانی تسلسل کو مزید واضح کرتے ہوئے حضرت محمد مصطفیٰ ص نے فرمایا: مَنْ صَامَ ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ مِنْ آخِرِ شَعْبَانَ وَوَصَلَهَا بِشَهْرِ رَمَضَانَ كَتَبَ اللَّهُ لَهُ صَوْمَ شَهْرَيْنِ مُتَتَابِعَيْنِ.
جو شخص ماہِ شعبان کے آخری تین دن روزہ رکھے اور انہیں ماہِ رمضان سے ملا دے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے مسلسل دو مہینوں کے روزوں کا ثواب لکھ دیتا ہے۔
یہ روایت اس حقیقت کی علامت ہے کہ اسلام میں عبادت کا تسلسل بڑی اہمیت رکھتا ہے، اور شعبان کا اختتام دراصل رمضان کے استقبال کا عملی اعلان ہے۔
ماہِ رمضان المبارک کو رسولِ اکرم ص نے شَہْرُ اللہ قرار دیتے ہوئے فرمایا: شَهْرُ رَمَضَانَ شَهْرُ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ، وَهُوَ شَهْرٌ يُضَاعِفُ اللَّهُ فِيهِ الْحَسَنَاتِ وَيَمْحُو فِيهِ السَّيِّئَاتِ.
رمضان اللہ کا مہینہ ہے، اس میں نیکیوں کو کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے اور گناہوں کو مٹا دیا جاتا ہے۔
ایک اور مقام پر آپ ص نے فرمایا:
وَهُوَ شَهْرُ الْبَرَكَةِ، وَشَهْرُ الْإِنَابَةِ، وَشَهْرُ التَّوْبَةِ، وَشَهْرُ الْمَغْفِرَةِ، وَشَهْرُ الْعِتْقِ مِنَ النَّارِ وَالْفَوْزِ بِالْجَنَّةِ.
یہ مہینہ برکت، رجوع الیٰ اللہ، توبہ، مغفرت، جہنم سے نجات اور جنت کی کامیابی کا مہینہ ہے۔
یہ تعبیر رمضان المبارک کے ہمہ جہتی روحانی اثرات کو واضح کرتی ہے، جہاں بندہ اپنے رب کی طرف پلٹتا ہے، ماضی کی لغزشوں پر نادم ہوتا ہے اور ایک نئی پاکیزہ زندگی کا آغاز کرتا ہے
روزے کی اہمیت کا اندازہ اس سخت تنبیہ سے بھی ہوتا ہے جو امام جعفر صادقؑ سے منقول ہے:
وَمَنْ أَفْطَرَ يَوْمًا مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ مُتَعَمِّدًا خَرَجَ مِنَ الْإِيمَانِ.
جو شخص جان بوجھ کر ماہِ رمضان کا ایک روزہ ترک کرے، وہ ایمان کی روحانی کیفیت سے خارج ہو جاتا ہے
یہ تعبیر روزے کی محض ظاہری نہیں بلکہ باطنی اور ایمانی حیثیت کو اجاگر کرتی ہے، جو روح کی حیات اور ایمان کی بقا سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔
اسی طرح رسولِ اکرم ص نے فرمایا: إِنَّ أَبْوَابَ السَّمَاءِ تُفْتَحُ فِي أَوَّلِ لَيْلَةٍ مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ وَلَا تُغْلَقُ إِلَى آخِرِ لَيْلَةٍ مِنْهُ.
ماہِ رمضان کی پہلی رات سے آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور آخری رات تک بند نہیں کیے جاتے
یہ تعبیر اس امر کی علامت ہے کہ اس مہینے میں دعا، استغفار اور عبادت کی قبولیت غیر معمولی درجہ اختیار کر لیتی ہے، گویا بندے اور رب کے درمیان تمام فاصلے مٹ جاتے ہیں۔
خلاصہ یہ کہ رمضان المبارک محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں، بلکہ تزکیۂ نفس، اصلاحِ باطن اور قربِ الٰہی کا عظیم موقع ہے۔ شعبان کے آخری ایام سے شروع ہونے والا یہ روحانی سفر رمضان کی نورانی فضا میں اپنے عروج کو پہنچتا ہے، جہاں ہر نیکی کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور ہر سچی توبہ مغفرت میں بدل جاتی ہے۔
آج ہمیں چاہیے کہ رمضان کو صرف رسمی عبادات تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اسے اپنی زندگی میں حقیقی تبدیلی کا نقطۂ آغاز بنائیں۔ دلوں کو صاف کریں، حقوق ادا کریں، گناہوں سے توبہ کریں اور اخلاص کے ساتھ خدا کی طرف متوجہ ہوں۔ یہی وہ مہینہ ہے جس میں انسان دنیا و آخرت دونوں کی کامیابی سمیٹ سکتا ہے



