حرمِ امام حسین علیہ السلام کی جانب سے کاظمین میں زائرین کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

2026-01-15 09:54

حرمِ امام حسین علیہ السلام کی ہیئتِ صحت سے وابستہ مرکزِ انتظامِ صحتی آفات کے عملے نے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے کاظمین میں زائرینِ کرام کے لیے فری میڈیکل کیمپ قائم کر دیے ہیں

مرکز کے ذمہ دار احمد الشیخ نے بتایا کہ عتبۂ حسینیۂ مقدسہ کے متولیِ شرعی، سماحة الشیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایات اور ہیئتِ صحت و طبی تعلیم کے سربراہ ڈاکٹر حیدر العابدی کی براہِ راست نگرانی میں مرکز کے عملے نے کاظمین کے داخلی و خارجی راستوں پر متعدد طبی مراکز نصب کیے ہیں، جو امام موسیٰ بن جعفر علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے زائرینِ کرام کو طبی سہولیات فراہم کریں گے

انہوں نے مزید بتایا کہ ہیئتِ صحت و طبی تعلیم کے سربراہ ڈاکٹر حیدر العابدی نے موبائل میڈیکل کیمپس کے کردار کو مؤثر بنانے اور اعلیٰ معیار کی تربیت یافتہ طبی ٹیموں کو فعال کرنے پر زور دیا ہے، تاکہ ہنگامی اور ایمرجنسی کیسز کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے

ان کا کہنا تھا کہ ان ٹیموں کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ زائرین کے ہجوم کے درمیان اُن مقامات تک پہنچیں جہاں ایمبولینس گاڑیوں کا پہنچنا ممکن نہیں ہوتا

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طبی سہولیات سے آراستہ موبائل گاڑیاں اور ایمبولینسز تعینات کی گئی ہیں، جن میں زندگی بچانے والے جدید طبی آلات موجود ہیں

واضح رہے کہ عتبۂ حسینیۂ مقدسہ کی ہیئتِ صحت و طبی تعلیم کی اس مناسبت میں شرکت پہلی مرتبہ نہیں ہے، بلکہ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر خدمات انجام دی جا چکی ہیں۔ تاہم، یہ شرکت زائرینِ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے لیے طبی خدمات کی فراہمی کے اعتبار سے اب تک کی سب سے بڑی کوشش ہے، جو کل بروز جمعرات منعقد ہونے والے اجتماع کے موقع پر انجام دی جا رہی ہے

منسلکات

العودة إلى الأعلى