بھارت: حرمِ امام علی علیہ السلام کے زیرِ اہتمام گجرات میں ولادتِ امیر المؤمنینؑ کی مناسبت سے پُروقار تقریب
امیر المؤمنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر بھارت کی ریاست گجرات میں ایک عظیم الشان اور پُروقار جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ بیت علیہم السلام کے محبین کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مؤسسۃ المعصومین الاثنی عشر کے مدیر سید محمد بائی نے خطاب کیا اور حرمِ علوی کے معزز وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس کے بعد روضۂ علویہ کی جنرل سیکرٹریٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے شعبۂ امورِ دینیہ میں تبلیغِ خارجیہ کے ذمہ دار شیخ ہانی الكنانی نے خطاب کیا۔ انہوں نے یعسوبِ دین اور سید الاوصیاء امیر المؤمنین علیہ السلام کی ولادت کی پُرخلوص مبارکباد پیش کی اور گجرات میں مقیم اہلِ بیتؑ کے ماننے والوں کے لیے روضۂ علوی مقدس کی جانب سے سلام اور دعائیں پہنچائیں۔
اپنے خطاب میں شیخ ہانی الكنانی نے اندرون و بیرونِ عراق سے آنے والے زائرین کے لیے روضۂ علویہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کا بھی ذکر کیا اور امیر المؤمنین علیہ السلام کے فضائل و مناقب پر روشنی ڈالی
بعد ازاں حرمِ علوی کی جانب سے مدارسِ دینیہ و حوزاتِ علمیہ، یتیم خانوں، مساجد کے ذمہ داران اور پروگرام کے منتظمین میں متبرک تحائف تقسیم کیے گئے، جبکہ مؤسسۃ المعصومین الاثنی عشر کی جانب سے وفدِ روضۂ علویہ کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی
تقریب کے دوران ایک خصوصی قرعہ اندازی بھی کی گئی، جس میں شہر کے دس خوش نصیب افراد کو عراق میں مقدس روضوں کی زیارت کے لیے ٹکٹ عطا کیے گئے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی خوشی اور مسرت کی فضا قائم ہو گئی، اور امیر المؤمنین علیہ السلام کے شیعوں کے چہروں پر مسرت و شادمانی نمایاں نظر آئی، جو اس بابرکت اقدام پر ان کی دلی خوشی کا اظہار تھا
یہ تقریب ان سلسلہ وار پروگراموں کا حصہ ہے جن کے تحت روضۂ علوی مقدس دنیا بھر میں مقیم شیعہ برادری سے رابطے کو مضبوط بنانے، دینی مناسبات کو احسن انداز میں زندہ رکھنے اور اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت و ولایت کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے


