قرآن و احادیث کی روشنی میں صبر کا فلسفہ
صبر وہ باطنی قوت ہے جو انسان کو مشکلات، مصائب اور ناپسندیدہ حالات میں ہمت، استقامت اور ضبطِ نفس کے ساتھ قائم رکھتی ہے
عربی زبان میں صبر کا لفظ مادہ (ص ب ر) سے نکلا ہے، اسی بنیاد پر صبر کے مختلف معانی بیان کیے گئے ہیں
1 صبرًا یعنی ہمت سے کام لینا اور گھبرانا نہیں
2 علی الأمر یعنی برداشت سے کام لینا اور ڈٹے رہنا
3 عنہ یعنی خود کو کسی برے عمل سے روکنا یا باز رکھنا
4 نفسہ یعنی دل کو قابو میں رکھنا، طبیعت کو تھامنا، اور ثابت قدم رہنا۔
ان تمام تعبیرات سے واضح ہوتا ہے کہ صبر کا مفہوم محض خاموشی یا مجبوری نہیں، بلکہ ایک باوقار اور باشعور رویہ ہے، جس میں انسان اپنے جذبات، زبان اور عمل کو قابو میں رکھ کر عقل و ایمان کے ساتھ زندگی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرتا ہے
علمائے اخلاق نے صبر کی تعریف یوں کی ہے
الصبر ھو ثبات النفس و عدم اضطرابھا فی الشدائد و المصائب
یعنی سخت حالات میں دل کو مضبوط رکھنا اور اضطراب سے محفوظ رکھنا
حقیقت میں صبر یہ ہے کہ انسان مصیبت کے وقت اپنی زبان کو شکایت سے بچائے، چہرے پر بے صبری کے آثار ظاہر نہ ہونے دے، اور اپنے رویے کو ضبط میں رکھے، یہی ضبط و ثبات دراصل صبر کی روح ہے
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں صبر کا مفہوم اکثر غلط سمجھا جاتا ہے۔ عام طور پر صبر کی تلقین کسی کمزور یا مجبور شخص کے لیے کی جاتی ہے، گویا صبر کا مطلب حالات کے آگے ہتھیار ڈال دینا ہو۔ بعض لوگ صبر کو ظلم یا مصیبت پر خاموش رہنے کے مترادف سمجھتے ہیں، مگر اسلام کے نزدیک صبر کا مفہوم اس کے بالکل برعکس ہے
اسلام میں صبر کا مطلب ہے ہمت، شجاعت، استقامت اور حق کے مقابلے میں ثابت قدمی
امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام نے فرمایا: الصبر شجاعہ یعنی صبر دراصل شجاعت ہے
یہ مختصر مگر عمیق جملہ صبر کے حقیقی مفہوم کو واضح کرتا ہے۔ صبر کرنا دراصل میدانِ زندگی میں مضبوطی سے کھڑے رہنا ہے، نہ کہ پیچھے ہٹ جانا۔ صبر ایک باطن کی جنگ ہے، جس میں انسان اپنے خوف، درد اور خواہشات پر غالب آتا ہے
اسی لیے صبر کو شجاعت کا دوسرا نام کہا گیا ہے، کیونکہ جو شخص صبر کرتا ہے، وہ دراصل اپنے نفس پر قابو پانے والا بہادر انسان ہے۔
رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: الصبر ثلاثہ صبر عند المصیبہ و صبر علی الطاعہ وصبر عن المعصیہ
یعنی صبر تین قسم کا ہے
(۱) مصیبت کے وقت صبر
(۲) اطاعت میں صبر
(۳) اور گناہ سے رکنے میں صبر
یہ حدیث اس حقیقت کو بیان کرتی ہے کہ صبر محض غم یا دکھ برداشت کرنے کا نام نہیں، بلکہ انسانی زندگی کے تینوں بنیادی پہلوؤں سے مربوط ہے،دکھ میں ضبط، عبادت میں ثابت قدمی، اور خواہشات کے مقابلے میں مزاحمت
امام علیؑ کا ایک اور قول ہے
الحلم والاناہ تومان ینتجھا علوم الھمہ
یعنی بردباری اور ٹھہراؤ، بلند ہمتی کی اولاد ہیں
یہ قول بتاتا ہے کہ صبر کمزوروں کا نہیں، بلکہ بلند ہمت انسانوں کا وصف ہے۔ جو شخص اپنے نفس کو قابو میں رکھ سکتا ہے، وہی حقیقی صابر ہے
نہج البلاغہ میں امام علیؑ فرماتے ہیں:
الصبر صبران : صبرٌ علی ما تکرہ وصبرٌ عمّا تحبّ
یعنی صبر دو طرح کا ہے: ایک اس پر جو تمہیں ناپسند ہو، اور دوسرا اس سے بچنے پر جو تمہیں محبوب ہو۔
یہ تقسیم انسانی نفسیات کے عین مطابق ہے، کیونکہ انسان کو زندگی میں دو طرح کے چیلنج درپیش ہوتے ہیں ،دکھ دینے والے اور گناہ کی دعوت دینے والے۔ صبر کا حقیقی امتحان ان دونوں میدانوں میں ہوتا ہے
امام علیؑ نے فرمایا: علیكم بالصبر، فإنّ الصبر من الایمان كالرأس من الجسد، ولا خير فی جسد لا رأس معہ، ولا فی إيمان لا صبر معه
یعنی صبر ایمان کے لیے ویسا ہی ہے جیسے جسم کے لیے سر۔ جس طرح سر کے بغیر جسم ناقص ہے،اسی طرح صبر کے بغیر ایمان بے فائدہ ہے
یہ تعبیر صبر کو ایمان کی اساس قرار دیتی ہے
صابر انسان کا ایمان پختہ ہوتا ہے، جبکہ بے صبر انسان جلد ٹوٹ جاتا ہے
ایک اور جگہ فرمایا: من لم ینجہ الصبر أهلكه الجزع
جسے صبر نجات نہ دے، اسے بے صبری ہلاک کر دیتی ہے
بے صبری انسان کو روحانی اور عملی دونوں میدانوں میں تباہ کرتی ہے، کیونکہ جلد بازی اکثر غلط فیصلوں کا باعث بنتی ہے۔
امامؑ کا ایک اور قول ہے: الصبرُ مرٌّ، لا يتجرّعه إلا حرٌّ
صبر ایک کڑوی چیز ہے، مگر اسے صرف آزاد انسان ہی پیتا ہے۔
یہ جملہ بتاتا ہے کہ صبر کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ نفس کا غلام انسان جلد ہار مان لیتا ہے، مگر آزاد اور باعزت انسان سختیوں کے باوجود ثابت قدم رہتا ہے۔
قرآن مجید میں صبر کو مومن کی بنیادی صفت کے طور پر بارہا بیان کیا گیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: یا ایھا الذی امنو اصبر و صابروا ورابطوا وتقوا اللہ لعلکم تفلحون ال عمران
اے ایمان والو! صبر کرو، ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کرو، مورچہ بند رہو، اور اللہ سے ڈرو تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ صبر صرف ذاتی کیفیت نہیں بلکہ اجتماعی فریضہ ہے۔ مؤمنین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نہ صرف خود صبر کریں بلکہ ایک دوسرے کو صبر کی تلقین بھی کریں
ایک اور مقام پر فرمایا: فاصبر ان وعد اللہ حق ولا یستخفنک الذین لا یوقنون روم 60
پس (اے نبی) آپ صبر کریں، یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے، اور جو لوگ یقین نہیں رکھتے وہ آپ کو کمزور نہ پائیں
یہاں صبر کو ایمان و یقین سے جوڑا گیا ہے ،یعنی صبر دراصل ایمان کے استحکام کا مظہر ہے۔
سورہ لقمان میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
واصبر علی ما اصابک ان ذلک من عزم الامور لقمان 17
اور جو مصیبت تجھے پیش آئے، اس پر صبر کر، بے شک یہ عزم و استقلال کی نشانی ہے
اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے اجر کا وعدہ کرتے ہوئے فرمایا:وَلَنَجْزِيَنَّ الَّذِينَ صَبَرُوا أَجْرَهُم بِأَحْسَنِ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ النحل:۹۶
اور ہم ضرور صبر کرنے والوں کو ان کے بہترین اعمال کے مطابق جزا دیں گے اور ایک دوسرے مقام پر فرمایا: وَجَزَاهُمْ بِمَا صَبَرُوا جَنَّةً وَحَرِيرًا انسان:۱۲
اور ان کے صبر کے بدلے میں اللہ نے انہیں جنت اور ریشمی لباس عطا کیا۔
یہ آیات ظاہر کرتی ہیں کہ صبر نہ صرف دنیاوی کامیابی بلکہ اخروی سعادت کا بھی زینہ ہے
اسلام کے نزدیک صبر کا مطلب حالات سے سمجھوتہ نہیں بلکہ ایمان پر ثابت قدم رہنا، اصولوں سے نہ ہٹنا، اور خدا کے فیصلے پر راضی رہنا ہے۔
اسلامی تعلیمات میں صبر کو ہر نیکی کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ کوئی بھی اخلاقی صفت، جیسے شکر، حلم، عفو یا توکل، صبر کے بغیر ممکن نہیں۔ اسی لیے کہا گیا ہے: الصبر مفتاح الفرج یعنی صبر کامیابی کی کنجی ہے
صبر انسان کے باطن میں سکون پیدا کرتا ہے اور اسے جذبات پر قابو پانے کا ہنر سکھاتا ہے
قرآن وعدہ کرتا ہے: إِنَّ اللَّہ مَعَ الصَّابِرِینَ (البقرہ:۱۵۳)
یقیناً اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے
اسلامی فکر میں صبر صرف فرد کا وصف نہیں بلکہ اجتماعی نظامِ حیات کا حصہ ہے۔ قومیں جب صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتی ہیں تو بقا اور عزت حاصل کرتی ہیں، اور جب بے صبری دکھاتی ہیں تو زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔
اسی پس منظر میں کہا جا سکتا ہے کہ صبر و تحمل ہر تحریک کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن امتِ مسلمہ نے چونکہ ایک جامع نظامِ حیات کی تحریک چلانی ہے، لہٰذا یہ راستہ خون کی ندیوں، مخالف آندھیوں، مصائب کے پہاڑوں اور دوستوں کی لاشوں سے گزرتا ہے۔ ساتھ دینے والوں کی قلت، دشمنوں کی کثرت، قریبیوں کی بے وفائی، دشمنوں کی چالاکی، ساتھیوں کی سہل انگاری اور مدمقابل کی نیرنگی ، یہ سب وہ کٹھن مراحل ہیں جن میں صبر ہی کامیابی کا زینہ بن سکتا ہے۔
اللہ کی نافرمانی سے بچنے کے لیے بھی صبر درکار ہے۔ بھوک اور ناداری میں حرام مال سے اجتناب، غصے، انتقام اور قوت کے باوجود ظلم سے پرہیز، اور خواہشات کا مقابلہ ۔یہ سب صبر و تحمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اطاعت و بندگی کی بنیاد بھی صبر ہے، جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا:
واستعینوا بالصبر والصلاہ و انھا لکبیرہ الا علی الخاشعین (البقرہ:۴۵)
اور صبر اور نماز سے مدد طلب کرو، اور بے شک یہ (نماز) دشوار ہے، مگر ان کے لیے نہیں جو خشوع و خضوع رکھنے والے ہیں
یہ آیت اعلان کرتی ہے کہ عبادت کا بوجھ وہی اٹھا سکتا ہے جو صبر کا پیکر ہو۔صبر عبادت کی روح، ایمان کا ستون اور تحریکِ حیات کا سرمایہ ہے
پس یہ کہنا بجا ہے کہ صبر انسان کے ایمان کی علامت، اخلاق کا توازن، اور زندگی کے سفر کا سب سے مضبوط سہارا ہے



