عراق میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید الفطر ہوگی : دفتر سید سیستانی (دام ظلہ الوارف)
نجف اشرف میں مرجع دینی آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کے مرکزی دفتر نے اعلان کیا ہے کہ عراق میں ماہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے، لہذا بروز پیر، 31 مارچ 2025ء کو عید الفطر اور شوال کا پہلا دن ہوگا
کربلاء ٹوڈے کے مطابق، نجف اشرف میں مرجع دینی اعلیٰ کے مرکزی دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ عراق اور اس کے گردونواح میں متعدد مقامات سے عین مجردہ (ننگی آنکھ) سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، جس کی بنیاد پر یکم شوال بروز پیر قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اولِ ماہ کے ثبوت کے لیے سید سیستانی (دام ظلہ) کے نزدیک دو بنیادی شرائط ہیں
1. افق (Horizons) کا یکساں ہونا
2. چاند کو بغیر آلہ کے آنکھ سے دیکھا جانا
دوسری جانب، پاکستان میں بھی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارتِ مذہبی امور میں منعقد ہوا، جہاں وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آنے کی معتبر شہادتیں موصول ہوئیں۔ چنانچہ پاکستان میں بھی پیر کے روز عید الفطر منائی جائے گی
ہم خداوندِ متعال سے دعا کرتے ہیں کہ یہ مبارک مہینہ تمام مسلمانوں اور پوری انسانیت کے لیے خیر و برکت کا باعث بنے۔ اللہ تعالیٰ اس بابرکت مہینے میں کیے گئے تمام نیک اعمال کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، بے شک وہی دعاؤں کو سننے اور قبول کرنے والا ہے۔