مرجعیتِ اعلیٰ کے حکم پر حرم امام حسین علیہ السلام نے شام میں 2000 افراد کو پناہ فراہم کی

2024-12-05 11:27

شام میں حالیہ دہشت گردی سے متاثر ہونے والے 2000 افراد، جو مختلف علاقوں سے ہجرت کرکے السیدہ زینب (علیہا السلام)، دمشق کے علاقے میں پہنچے، ان کو حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے تمام بنیادی ضروریاتِ زندگی فراہم کی جا رہی ہیں

ان ضروریات میں رہائش، روزمرہ کھانے پینے کا سامان، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

عتبہ حسینیہ کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ عبد الامیر طہ المطوری نے حرم کی آفیشل ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ شامی عوام کی جانب سے دی گئی درخواست پر، متولی شرعی حرم امام حسین علیہ السلام، جناب شیخ عبد المہدی کربلائی کی ہدایت پر سیدہ زینب (علیہا السلام) کے علاقے میں کرائے پر لی گئی ہوٹلوں کی معیاد میں توسیع کی گئی۔ یہ ہوٹل پہلے لبنانی بھائیوں کی رہائش کے لیے مختص تھے، لیکن اب ان میں شامی مہاجرین کو رکھا گیا ہے، جو دہشت گردی کے باعث دیہی علاقوں سے دمشق منتقل ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 2000 افراد کو ان ہوٹلوں میں رہائش دی گئی ہے اور انہیں روزمرہ کھانے پینے کا سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھانے کے یہ انتظامات نہ صرف ہوٹلوں میں رہائش پذیر شامی مہاجرین کے لیے کیے جا رہے ہیں بلکہ ان دیگر افراد کے لیے بھی ہیں جو اس علاقے میں پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ غذائی اجناس، بستر، کمبل اور موسمِ سرما کے کپڑے بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یہ تمام اقدامات مرجعیتِ اعلیٰ کی شفقت آمیز رہنمائی، عتباتِ حسینیہ کے اصولوں اور شیخ عبد المہدی کربلائی کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہیں، جو مظلوم اور مصیبت زدہ خاندانوں کی مدد کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ حرم امام حسین علیہ السلام نے ان کی درخواست پر لبیک کہتے ہوئے فوری طور پر یہ انتظامات مکمل کیے۔

ابو علی

العودة إلى الأعلى