اسلام آباد: جامعہ الکوثر کی فضا میں حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے روضۂ مبارک کا متبرک علم بلند کر دیا گیا
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں روضۂ حضرت عباس علیہ السلام کے وفد نے حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کا علم مبارک بلند کیا۔ یہ تقریب حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شہادت کی یاد میں منعقد کیے جانے والے دوسرے سالانہ فیسٹیول کے ضمن میں منعقد ہوئی
فیسٹیول کا مقصد حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی مبارک زندگی اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنا ہے۔ اس فیسٹیول کا عنوان "فاطمہ، سبیلِ نجات" رکھا گیا ہے، جو روضۂ مبارک کے فکری اور ثقافتی شعبے کے زیرِ انتظام میراثِ انبیاء انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
وفد میں روضۂ مبارک کے متولی شرعی کے دفتر کے مدیر جناب سید افضل شامی، شعبۂ امورِ دینیہ کے سربراہ جناب شیخ صلاح کربلائی، شعبۂ ہدایا و نذورات کے معاون سربراہ جناب سید محمد جلوخان اور دیگر خدام شامل تھے۔
فیسٹیول کے دوران مختلف تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں "میرا حجاب، میرا وقار" کے موضوع پر ایک پروگرام، حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت پر تحقیقی نشستیں، تعلیمی، دینی اور ثقافتی اداروں کے تعارفی دورے، اور محافل مدحتِ فاطمہ سلام اللہ علیہا شامل ہیں۔
فیسٹیول کا مقصد پاکستان میں حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی یاد کو تازہ کرنا اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے روضۂ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی کاوشوں کو اجاگر کرنا ہے۔
وفد نے فیسٹیول کے پہلے مرحلے میں جامعہ الکوثر میں حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کا علم بلند کیا، جس میں مؤمنین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر مرحوم علامہ شیخ محسن نجفی قدس سرہ کی یاد میں ایک قرآنی نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی
ابو علی