پاکستان کے شہر پشاور میں اتحادِ امت کانفرنس کا انعقاد
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدرمقام پشاور میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جامعہ شہید الحسینی میں اتحادِ امت کانفرنس کا انعقاد۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدرمقام پشاور میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جامعہ شہید الحسینی، میں ایک شاندار اتحادِ امت کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا واحد حل اتحاد اور یکجہتی میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تعلیماتِ اہلِ بیت علیہم السلام تمام مکاتب فکر کے لیے مشترکہ سرمایہ ہیں، جنہیں بنیاد بنا کر فرقہ واریت اور انتشار کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
علماء کرام نے اپنے خطابات میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی و فکری خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تعلیمات امت کے لیے روشنی کا مینار ہیں اور آج کے دور میں ہمیں انہی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔


