الکفیل میوزیم کی عالمی یوم اسلامی فن کی دسویں علمی نشست: عراق کے مقدس مقامات کی تعمیراتی عناصر پر روشنی
الکفیل میوزیم برائے نوادرات و مخطوطات نے عالمی یوم اسلامی فن کے موقع پر اپنی دسویں علمی نشست کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس کا موضوع تھا "عراق میں مقدس مقامات کی تعمیرات میں استعمال ہونے والے عناصر
میوزیم کے سربراہ جناب نافع نعمت عبیس نے اس موقع پر کہا کہ یہ نشست روضہ مبارک حضرت عباسؑ کے امام حسنؑ مجتبى ہال میں منعقد کی گئی۔ یہ نشست میوزیم کی جانب سے ثقافتی اور علمی سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے، جن میں ورکشاپس، کانفرنسز اور سیمینارز شامل ہیں، جن کا مقصد عوام میں میوزیم کلچر کو فروغ دینا ہے۔
میوزیم کے معاون سربراہ جناب شوقی موسوی نے بتایا کہ اس نشست کا مقصد عراق کے مقدس مقامات کی تعمیرات میں استعمال ہونے والے نمایاں آرائشی اور تعمیراتی عناصر کی تفصیل پیش کرنا تھا، جن میں خطاطی، نباتاتی اور ہندسی نقوش، گنبد، مینار، جھروکے، مقرنصات اور محراب جیسے عناصر شامل ہیں۔
یونیورسٹی آف قادسیہ کے کلیہ آثار قدیمہ کے ڈین، ڈاکٹر رجوان المیالی نے اس نشست کے دوران عراق کے مقدس مقامات کی ابتدائی تعمیرات پر بات کی اور کہا کہ ان عمارات میں مختلف ادوار میں ہونے والی اصلاحات اور اضافے انہیں تحقیق کا اہم موضوع بناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق کے مقدس مقامات کی عمارات میں استعمال ہونے والے کئی عناصر مشرقی اسلامی فن تعمیر سے متاثر ہیں، جو امام رضا علیہ السلام کے روضہ اور مشرقی اسلامی دنیا کے دیگر مقدس مقامات سے مشابہت رکھتے ہیں۔
آخر میں ڈاکٹر المیالی نے اپنی تحقیق کے حوالے سے کہا کہ ان کا مقصد ان عناصر کی تاریخی ترقی کو واضح کرنا تھا، جو اسلامی فن تعمیر میں عراق کی شناخت کا حصہ بنے اور اس کے ذریعے متعلقہ ماہرین کو ان عناصر کی مکمل تصویر فراہم کرنا تھا۔
ابو علی