لندن کے انٹرٹینمنٹ کمپلیکس میں ارب پتی مسلمان نے مسجد بنانے کی اجازت حاصل کرلی
2023-07-19 15:10
سینٹرل لندن کی معروف تاریخی عمارت انٹر ٹینمنٹ کمپلیکس میں اذان کی صدائیں بلند ہونگی
مسلم ارب پتی تاجر آصف عزیز نے تاریخی عمارت ٹروکیڈرو میں مسجد بنانے کی اجازت حاصل کر لی ہے۔ سیاحوں کے معروف سیاحتی مقام پکاڈلی سرکس اور سوہو کے درمیان 1896میںبننے والا ٹروکیڈرو مشہور تفریحی کمپلیکس میں واقع ہے،
پراپرٹی ٹائیکون آصف عزیز ٹروکیڈرو میں 390 نمازیوں کی گنجائش والی تین منزلہ مسجد بنا رہے ہیں۔
خیا ل رہے کہ اس مسجد کو ’’پکاڈلی پریئراسپیس‘‘ کے نام سے پکارا جائے گا، ملاوی میں پیدا ہونے اور مسٹر ویسٹ اینڈ کہلانے والے آصف عزیز کی دولت کا تخمینہ 2 ملین پاؤنڈ سے زائد ہے۔
2020 میں ایک ہزار نمازیوں کی گنجائش والی مسجد کے قیام کی اجازت دینے سے کونسل نے انکار کر دیا تھا اس وقت مقامی رہائشیوں اور دائیں بازو کے گروپس نے مسجد کے قیام پر اعتراض کیا تھا۔ ویسٹ منسٹر کونسل نے رواں برس مئی میں مسجد کے قیام کی اجازت دیدی۔ ٹروکیڈو کے ارگرد شراب اور جوئے خانے وغیرہ موجود ہیں۔ توقع ہے کہ یہ مسجد مقامی مسلمانوں کو نماز پڑھنے کی سہولت کے علاوہ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بھی ہوگی۔