حرم امام حسین علیہ السلام اور وزارت خارجہ کی مشترکہ کاوشیں ،مصری میڈیا وفد کی کربلا آمد

2025-05-22 09:03

عراق کی وزارت خارجہ کے شعبۂ ثقافت و ابلاغ عامہ کے تعاون سے، عتبہ حسینیہ مقدسہ کے شعبۂ اطلاعات کے بین الاقوامی میڈیا مرکز نے مصر سے آئے ایک اعلیٰ سطحی میڈیا وفد کا خیر مقدم کیا

یہ دورہ ثقافتی اور ابلاغی رابطوں کے پروگراموں کے تحت، بغداد میں منعقدہ عرب لیگ کے چونتیسویں اجلاس کی میڈیا کوریج کے ضمن میں کیا گیا

بین الاقوامی میڈیا مرکز کے سربراہ جناب حیدر المنکوشی کے مطابق، مرکز کے قیام کا بنیادی مقصد دنیا بھر سے آنے والے صحافیوں اور ثقافتی وفود کو عتبہ حسینیہ کے مذہبی، ثقافتی، سماجی اور انسانی منصوبوں سے روشناس کرانا ہے، جو صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے وسیع دائرے پر محیط ہیں

اس سلسلے میں، مصری میڈیا وفد کے لیے ایک فیلڈ وزٹ کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران وفد نے الزہراء یونیورسٹی برائے خواتین، آٹزم میں مبتلا بچوں کی اکیڈمی السبطین سمیت عتبہ حسینیہ کے دیگر اہم منصوبہ جات کا معائنہ کیا۔

منکوشی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عتبہ حسینیہ دنیا بھر کے میڈیا اور ثقافتی اداروں کے ساتھ رابطے کو فروغ دے کر، اپنے عالمی، دینی اور انسانی کردار کو مزید اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے

وزارت خارجہ کے مشیر برائے سیاسی منصوبہ بندی اور سربراہ شعبہ عوامی و ثقافتی سفارت کاری، جناب مقداد النوری نے کہا کہ وزارت خارجہ کی ثقافتی سفارت کاری کے تحت، عتبہ حسینیہ کے تعاون سے مصری میڈیا وفد کی میزبانی کی گئی، تاکہ وہ عراق، خصوصاً کربلا میں جاری تعمیری و فکری سرگرمیوں کا قریب سے مشاہدہ کریں

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس وفد میں معروف مصری صحافی شامل تھے، جیسے کہ استاد محمد صابرین (روزنامہ الأهرام)، استاد اسامہ سرایا (سابق چیف ایڈیٹر، الأهرام) اور نامور مصری صحافی و تجزیہ کار استاد عبد اللطیف المناوی۔

دورے کا مقصد عتبہ حسینیہ کی فکری، ثقافتی، علمی اور تعمیری سرگرمیوں سے آگاہی حاصل کرنا اور عراق کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنا تھا

جناب النوری کے مطابق، وفد نے جامعہ الزہراء علیہا السلام برائے خواتین کی تعلیمی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا، اس کے جدید انفراسٹرکچر، ثقافتی سرگرمیوں، اور خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عراق کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا، جو عرب اقوام کے درمیان ثقافتی اور فکری روابط کو فروغ دیتا ہے

استاد اسامہ سرایا (سابق چیف ایڈیٹر، الأهرام)، جو عرب لیگ کانفرنس کی میڈیا ٹیم کا حصہ تھے، نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمیں وزارت خارجہ عراق کی جانب سے نجف اشرف جانے کا بھی شرف حاصل ہوا، جہاں ہم نے مرقد امام علی علیہ السلام کی زیارت کی۔ شہر کا سکون، روحانیت اور معنویت ہمیں مدینہ منورہ کی یاد دلاتا رہا۔ یہ دورہ ہمارے لیے ایک روحانی تجربہ تھا

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا مقدسہ میں جو ترقی ہم نے دیکھی، وہ انتہائی قابلِ ستائش ہے۔ زائرین کے لیے پیش کی جانے والی مفت سہولیات، یونیورسٹیوں کا معیاری تعلیمی نظام، اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری عراق کے ایک نئے، پرامن اور ترقی یافتہ چہرے کی عکاسی کرتی ہے۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى